عالیہ بھٹ کی رات روتے ہوئے کیوں گزری؟


نئی دلی(قدرت روزنامہ) بالی ووڈ اداکارہ عالیہ بھٹ نے انکشاف کیا ہے کہ رانی مکھر جی کی نئی فلم ’’مسز چٹر جی بمقابلہ ناروے‘‘ دیکھنے کے بعد انکی گزشتہ ہفتے کی رات اپنی والدہ اور بہن کے ساتھ روتے ہوئے گزری۔عالیہ بھٹ نے اپنی والدہ سونی رازدان اور بڑی بہن شاہین بھٹ کے ساتھ ہفتہ کو رانی مکھر جی کی فلم ’’مسز چٹرجی بمقابلہ ناروے‘‘ کی اسکریننگ میں شرکت کی اور تینوں نے سنیما میں ایک ساتھ یہ فلم دیکھی۔
بالی ووڈ اداکارہ نے فلم دیکھنے کے بعد انسٹاگرام پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ وہ فلم کے دوران رو پڑی تھیں اور ایک ماں ہونے کے ناطے اس فلم کی کہانی نے ان کو بہت متاثر کیا ہے۔عالیہ بھٹ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں فلم کی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ ’’مسز چٹرجی بمقابلہ ناروے‘‘ ایک ایسی کہانی ہے جو سب کو سنانی چاہئے اور میرے لیے یہ کہانی خاص طور پر ایک نئی ماں کے طور پر بہت قریب تھی۔
واضح رہے کہ فلم مسز چٹرجی بمقابلہ ناروے 17 مارچ کو ریلیز کی گئی تھی جس میں رانی مکھر جی نے ایک ماں کا کردار ادا کیا ہے جو اپنے بچوں کو واپس لینے کیلئے ریاست سے لڑ رہی ہے۔
فلم میں دکھایا گیا ہے کہ ناروے کی حکومت نے مسز چٹرجی کے بچوں کو ان سے یہ کہہ کر چھین لیا تھا کہ وہ بطور ماں انکی ٹھیک سے نگہداشت نہیں کرتیں اور انہیں بتایا گیا تھا کہ بچوں کو 18 سال کی عمر تک واپس نہیں کیا جائے گا۔