اسلام کی خاطر شوبز چھوڑنے والے 13 معروف فنکار


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان شوبز انڈسٹری کی متعدد شخصیات اسلام کی خاطر انڈسٹری چھوڑ چکی ہیں جن میں سے کچھ بالکل اسکرین سے غائب جبکہ کچھ بہت کم مگر شوبز کے کسی نہ کسی شعبے کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں۔دین کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے شوبز چھوڑنے والے فنکاروں کی فہرست درج ذیل ہے۔
رابی پیرزادہ

2019 میں گلوکارہ رابی پیرزادہ کی چند نازیبا تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر لیک ہوگئی تھیں جس کے بعد رابی پیرزادہ نے اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں اِس بات کاا علان کیا تھا کہ وہ شوبز انڈسٹری چھوڑ رہی ہیں، شوبز انڈسٹری چھوڑنے کے بعد رابی پیرزادہ خطاطی، پینٹنگز بناتی ہیں اور ایک این جی او بھی چلا رہی ہیں۔
نور بخاری

پاکستانی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ نور بخاری نے 2017 میں اعلان کیا تھا کہ وہ شوبز انڈسٹری چھوڑ رہی ہیں، اُن کا کہنا تھا کہ وہ اب نہ کسی فلم میں نظر آئیں گی اور نہ ہی کسی ڈرامے میں۔نور بخاری کا کہنا تھا کہ وہ اب زندگی کا حقیقی مقصد سمجھنے کی کوشش کریں گی، وہ خود کو بہت خوش قسمت سمجھتی ہیں کہ اللّٰہ تعالیٰ نے اُن کو منتخب کیا ہے تاکہ وہ اللّٰہ کے بتائے ہوئے راستے پر چل سکیں۔
شازیہ خشک

’لال میری پت‘ اور ’دانے پہ دانا‘ جیسے لاتعداد مشہور گیت گانے والی گلوکارہ شازیہ خشک نے 2019 کے اکتوبر میں شوبز چھوڑنے کا اعلان کیا تھا، اُنہوں نے اپنے مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا تھا۔شازیہ خشک نے شوبز انڈسٹری چھوڑنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا تھا کہ وہ چاہتی ہیں کہ اب وہ اپنی تمام زندگی اسلامی تعلیمات کے مطابق اور اسلام کی خدمت میں گُزاریں۔
عجب گُل

پاکستانی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار و ہدایت کار عجب گل نے بھی شوبز کو اسلام کی خاطر بائے بائے کہا تھا، ماضی میں بڑے پردے پر نظر آنے کے بعد عجب گل نے خاموشی سے شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کر لی تھی اور پھر اسلام کی تبلیغ کی جانب گامزن ہوگئے تھے۔
حمزہ علی عباسی

معروف پاکستانی اداکار، سابق اینکر پرسن و سیاستدان حمزہ علی عباسی نے 2020 میں اپنے ایک ویڈیو پیغام میں اداکاری سے کنارہ کشی اختیار کر نے کا اعلان کیا تھا، اُنہوں نے کہا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ اب وہ اللّٰہ تعالیٰ اور اسلام کے بتائے ہوئے طریقوں کے مطابق زندگی گزاریں۔
اُنہوں نے اِس بات کا اعلان بھی کیا تھا کہ وہ ہدایتکاری کی جانب آجائیں گے اور ایسی فلمیں بنانےکی کوشش کریں گے جن میں حب الوطنی اور روحانیت کا ذکر ہو۔
فیروز خان

پاکستانی فلم و ڈرامہ انڈسٹری میں خوب نام کمانے والے اداکار فیروز خان نے 2021 میں شوبز سے کنارہ کشی کا اعلان کیا تھا، اُن کا کہنا تھا کہ وہ اب اپنی زات اور روحانیت پر توجہ دینا چاہتے ہیں۔اس اعلان کے بعد سے فیروز خان اپنے سوشل میڈیا پر پہلے سے زیادہ کھُل کر سیاست اور اسلام سے متعلق بات کرتے نظر آتے ہیں، 2021 کے بعد بھی فیروز خان کے کچھ ڈرامہ سیریل نشر ہوئے ہیں۔
فیروز خان سے متعلق یہ تاحال واضح نہیں ہے کہ آیا وہ شوبز میں رہنا چاہتے ہیں یا مکمل طور پر شوبز چھوڑ چکے ہیں۔
صنم چوہدری

2021ء میں پاکستان ٹی وی انڈسٹری کی مقبول ترین اداکارہ صنم چوہدری نے بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے تمام تصاویر ڈیلیٹ کرتے ہوئے شوبز کو خیر باد کہنے کا اعلان کیا تھا، اس وقت صنم چوہدری شہرت کی بلندیوں کو چھو رہی تھی، اس اعلان کے بعد سے صنم چوہدری کو صرف اسلامک شوز ہی میں اسکرین پر دیکھا گیا ہے۔
زرنش خان

زرنش خان نے حال ہی میں عمرہ ادا کیا ہے، خوبصورت اداکارہ نے اپنے انسٹاگرام پرخانہ کعبہ کے سامنے کھڑے ہونے کی تصویر شیئر کی اور ساتھ ہی طویل کیپشن میں آگاہ کیا کہ دنیا کے معاملات ہم سب کو زندگی گزارنے کے حقیقی مقصد سے کس طرح ہٹاتے ہیں۔
اداکارہ نے بعد میں خانہ کعبہ کے سامنے والی تصویر کےعلاوہ اپنی تمام تصاویر کو انسٹاگرام سے ہٹا دیا ہے۔ اس پوسٹ میں اُنہوں نے باقاعدہ طور پر شوبز انڈسٹری چھوڑنے کا اعلان تو نہیں کیا تھا لیکن ان کا سماجی وقفہ اس بات کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ وہ انڈسٹری چھوڑنے کا ارادہ کر چکی ہیں۔
جنید جمشید

جنید جمشید پاکستان کے معروف پاپ میوزیکل آئیکون تھے، ان کے دل میں محبت الہٰی نے ڈیرے ڈالے تو اُنہوں نے اپنے میوزک کیریئر کو بلندیوں میں ہی چھوڑ دیا۔ اُنہوں نے اپنی تمام خداداد صلاحیتوں اور اپنے پلیٹ فارم کو اسلام کے پیغام کو پھیلانے کے لیے وقف کر دیا۔
جنید جمشید نے اشاعت اسلام کی خاطر کئی نعتیں بھی پڑھیں، جنید جمشید اپنی اہلیہ سمیت ایک جہاز حادثے میں خالق حقیقی سے جا ملے تھے۔
سارہ چوہدری

سارہ چوہدری چھوٹی عمر سے ہی شوبز انڈسٹری کا حصہ بن گئی تھیں، 2000 کے آغاز سے لے کر 2010ء تک سارہ چوہدری پاکستانی ٹیلی ویژن اسکرین پر چھائی رہیں۔ اداکاری چھوڑنے کا فیصلہ کرنے سے پہلے وہ کامیاب اور معروف ترین اداکارہ تھیں، اُن کا بھی شوبز چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہنا تھا کہ انڈسٹری چھوڑنے کا فیصلہ کسی کے دباؤ کی وجہ سے نہیں بلکہ احکام الہٰی پر عمل کرتے ہوئے کہا ہے۔
عروج ناصر

شوبز انڈسٹری میں بطور ماڈل، اداکارہ اور ٹی وی میزبان نام کمانے والی عروج ناصر نے مذہبی راستہ اختیار کرنے کے بعد انڈسٹری کو خیر باد کہہ دیا تھا، اب اداکارہ اسلامی تعلیامات پر عمل کرنے سمیت کپڑوں کا معروف برانڈ چلاتی ہیں جو حجاب اور عبایہ کا برانڈ بھی ہے۔
نرگس

فلم و اسٹیج اداکارہ نرگس نے بھی شوبز انڈسٹری چھوڑنے کا اعلان 2019ء میں کیا تھا، 1993ء سے 2018ء تک 104 سے زائد فلموں میں کام کرنے والی اداکارہ نرگس نے اپنے ایک بیان کہا تھا کہ وہ اب شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کر رہی ہیں۔نرگس نے اپنے بیان میں اپنی مستقبل کی مصروفیات کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اب صرف اللّٰہ کی راہ میں فلاح و بہبود کے کام کریں گی۔
عبداللّٰہ قریشی

گلوکار عبداللّٰہ قریشی نے 2022ء میں عمرے کی سعادت حاصل کرنے سے قبل گلوکاری چھوڑنے کا اعلان کیا تھا ۔