ظالم سے نہیں انسان سے ہمدردی ہے، اشنا شاہ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ اداکارہ اشنا شاہ فیروز خان کو معاف کرنے پر ایک بار پھر سوشل میڈیا صارفین کی تنقید کی زد میں آگئیں، تاہم اشنا شاہ نے بھی تنقید کرنے والوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے سخت ردعمل کا اظہار کر دیا۔
مائیکروبلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر طویل ٹوئٹ کرتے ہوئے اداکارہ نے لکھا کہ وہ بدسلوکی کرنے والوں سے ہمدردی نہیں رکھتیں بلکہ انسانوں سے ہمدردی رکھتی ہیں، دنیا انتہائی بدصورت اور زہریلی ہو گئی ہے۔انہوں نے لکھا کہ میں اس رمضان ایک ایسی عورت کے ساتھ کھڑی تھی جس نے اپنے والد کو کھو دیا، ایک ایسے دوست کے لیے کھڑی تھی جسے بے جا گرفتار کیا گیا۔
اداکارہ نے اپنی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہ آن لائن کی جانے والی تنقید اور منفی تبصروں کا تجربہ رکھتی ہیں اور اس کے اثرات سے بھی واقف ہیں اس لئے سوشل میڈیا صارفین پر زور دیا کہ وہ بغیر سوچے سمجھے کسی بھی انتہا پر نہ پہنچیں، جہاں سے واپسی ممکن نہ ہو، کیونکہ یہ جان لیوا بھی ثابت ہوسکتے ہیں۔


ان کا کہنا ہے کہ چور کی سزا ہاتھ کاٹنا ہے، لیکن سوشل میڈیا صارفین اس کا سر کاٹنے پر تُل جاتے ہیں۔اُشنا شاہ نے کہا کہ میں اپنے ضمیر کے مطابق آواز اٹھاتی ہوں، مجھے اپنے خیالات کا اظہار کرنے کی اجازت ہے چاہے مجھے شدید ردعمل کا سامنا ہی كيوں نہ کرنا پڑے، میں اس کے لیے معافی نہیں مانگوں گی اور فیروز خان سے باحیثیت انسان ہمدردی ہے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ فیروز کی سابقہ اہلیہ کے الزامات غلط تھے۔
انہوں نے واضح کیا کہ وہ بدسلوکی ، گھریلو تشدد کرنے والے سے نہیں بلکہ انسان سے ہمدردی رکھتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ کسی ایسے جرم کے لیے لوگوں کو قتل کرنے پر یقین نہیں رکھتی جس میں پھانسی کی سزا نہ ہو سکتی ہو۔
اشنا شاہ نے مزید کہا کہ آج کے دور میں دنیا انتہائی بدصورت اور زہریلی ہو گئی ہے لیکن وہ چاہئے جانور ہو یا انسان ہر مظلوم کے حق میں آواز بلند کرنا جانتی ہیں اور اس کے لئے اللہ تعالیٰ کے آگے جواب دہ ہیں۔یاد رہے کچھ روز قبل اُشنا شاہ نے انسٹاگرام پر اسٹوری پوسٹ کی تھی جس میں انہوں نے فیروز خان کو ماہ رمضان کے صدقے معاف کرنے کا اعلان کیا تھا۔
اشنا نے اپنی اسٹوری میں فیروز اور اپنے جم انسٹرکٹر کے ہمراہ تصویر اور ایک حدیث نبویﷺ کا ترجمہ بھی شیئر کیا تھا جس کے مطابق ’رمضان المبارک ایسا مہینہ ہے جس کا اول رحمت ہے، درمیان بخشش اور اس کے آخر میں جہنم سے نجات ہے اور یہ اللہ تعالیٰ کی رحمت ہے‘۔ بعدازاں انہیں شدید تنقید کا سامنا رہا۔