تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر آپریشن کے متاثر ہونیکا کوئی خدشہ نہیں، پی آئی اے


کراچی(قدرت روزنامہ) تنخواہوں سے متعلق خبر پر پی آئی اے نے موقف دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر آپریشن کے متاثر ہونے کا کوئی خدشہ نہیں ہے۔ترجمان کے مطابق پی آئی اے ملکی معاشی صورتحال کے باعث اس ماہ مالی مشکلات کا شکار ہوئی اور چند ضروری ادائیگیوں کے باعث ان مشکلات میں اضافہ ہوا تاہم پی آئی اے نے گروپ 1 تا 4 کے اسٹاف کی تنخواہیں وقت پر ادا کیں۔
ترجمان نے کہا کہ افسران و دیگر عہدیداران کی تنخواہوں میں چند روز کی تاخیر ہوئی ہے تاہم وہ اگلے چند روز میں ادا کردی جائیں گی۔
پائلٹس سمیت تمام پی آئی اے افسران مکمل جانفشانی اور ذمہ داری سے اپنے فرائض کی ادائیگی میں مصروف ہیں اور پی آئی اے کا آپریشن مکمل طور پر فعال ہے۔چند عناصر کی جانب سے آپریشن متاثرکرنے کی خبر شائع کروانے کی کوشش بے بنیاد اور گمراہ کن ہے۔