عالمی دنیا

میری حکومت کے بعد امریکا دنیا بھر میں اپنا اثرورسوخ کھو بیٹھا؛ ڈونلڈ ٹرمپ


واشنگٹن(قدرت روزنامہ) سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ میری حکومت کے خاتمے کے بعد فرانس جیسا دوست بھی چین کے کیمپ میں چلا گیا۔فرد جرم عائد ہونے اور گرفتاری کے بعد پہلی بار امریکی نیوز چینل فوکس نیوز کو انٹرویو میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون میرا بہترین دوست ہوا کرتا تھا لیکن اب وہ امریکا سے دور ہو کر چین کے ساتھ پینگیں بڑھا رہے ہیں۔
سابق صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ جب سے میری حکومت ختم ہوئی ہے امریکا کا دنیا میں اثر و رسوخ ختم ہوگیا۔ موجودہ حکومت نے امریکا کی جغرافیائی اور سیاسی قوت کو ختم کردیا۔سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ جس کی ایک مثال فرانسیسی صدر کی چین سے قربتیں ہیں جو میرے زمانے میں امریکا کا بہترین دوست ہوا کرتا تھا۔
یاد رہے کہ فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون نے گزشتہ ہفتے چین کے سرکاری دورے پر پہنچے اور پریس کانفرس میں یورپیوں کو خبردار کیا تھا کہ وہ خود کو امریکی خارجہ پالیسی میں جکڑے نہ رکھیں۔ایک صحافی کے جواب میں فرانسیسی صدر میکرون نے یہ بھی کہا تھا کہ یورپی ممالک کو تائیوان کے معاملے پر چین اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں نہیں پھنسنا چاہیے۔
واضح رہے کہ چین نے تائیوان پر کنٹرول حاصل کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے جبکہ امریکی حکومت نے اپنے دفاع میں تائیوان کی مدد کرنے کا وعدہ کیا ہے۔

متعلقہ خبریں