کراچی (قدرت روزنامہ)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے مردم شماری کے اعداد و شمار پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ادارہ شماریات کے دفتر کے باہر دھرنا دینے کا اعلان کر دیا . ایک بیان میں حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ کراچی کی آبادی پچھلی مردم شماری سے کم دکھائی گئی .
انہوں نے کہاکہ کراچی کی آبادی ڈیڑھ کروڑ بتاتے ہیں، نادرا کا ڈیٹا نکالیں تو 3 کروڑ سے کم نہیں ہو سکتی . اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدر نے کہا تھا کہ کراچی اور حیدرآباد ڈویژن کی آبادی میں صرف 29 لاکھ کے فرق رہ گیا ہے .
فواد چوہدری نے کہا تھا کہ کراچی اور حیدرآباد کی آبادی کا فرق بتا رہا ہے کہ مردم شماری کتنی شفاف ہے . واضح رہے کہ ملک میں جاری ساتویں مردم شماری کی تاریخ میں توسیع کی گئی ہے .
ترجمان ادارہ شماریات کے مطابق مردم شماری میں 15 اپریل تک توسیع کی گئی ہے، مردم شماری میں توسیع کا اطلاق 19 شہروں پر ہو گا . جن شہروں میں مردم شماری میں 15 اپریل تک توسیع کی گئی ہے، ان میں گلگت، اسلام آباد، کراچی، کوئٹہ، پشین، خضدار، پنجگور، کیچ، کوہلو، وارسک، گوادر، ژوب، لسبیلہ، چاغی، نوشکی، مستونگ، ہرنائی، لاہور اور راولپنڈی شامل ہیں .