برصغیر کی تاریخ 6ستمبر کا دن ہمیشہ یاد رکھے گی، گورنر بلوچستان

کوئٹہ(قدرت روزنامہ) گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے یوم دفاع پاکستان کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ برصغیر پاک و ہند کی تاریخ میں 6 ستمبر کا دن انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس دن کو ہماری بہادر اور جرات مند مسلح افواج نے اپنے سے کئی گنا طاقتور دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیکر وطن عزیز کا پوری کامیابی سے دفاع کر کے یہ تاریخ رقم کی تھی، آج پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے اور پہلے کے مقابلے میں زیادہ طاقتور ہے،

انہوں نے کہا کہ یہ وہی دن ہے جب ہماری مٹھی بھر افواج نے جوان مردی، جرات اور بہادری کا عظیم الشان مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے ناپاک ارادوں کو خاک میں ملا دیا اور مادر وطن کے دفاع کیلئے سیسہ پلائی دیوار بن گئیں، انہوں نے کہا کہ نہ صرف ہماری مسلح افواج بلکہ پوری قوم نے متحد ہو کر یہ ثابت کر دیا کہ اتحاد، اتفاق اور ایمان کی طاقت کے سامنے ہتھیاروں یا تعداد کی کثرت کوئی معنی نہیں رکھتی، گورنر سید ظہور احمد آغا نے اس بات پر زور دیا کہ آج کے دن ہمیں اس عہد کی تجدید کرنی چائیے کہ ہم اپنے عظیم شہدا کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دینگے اور اپنے پیارے وطن کے تحفظ، سالمیت اور دفاع کیلئے اسی جذبہ اور عزم کو ہمیشہ قائم رکھیں گے جسکا مظاہرہ پوری قوم نے 6 ستمبر 1965 کی جنگ کے دوران کیا تھا، آج بھی ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کیلئے ہمارا عزائم مضبوط و مستحکم ہیں۔