تربت میں خفیہ اطلاع پر آپریشن، دو طرفہ فائرنگ کے بعد تین دہشت گرد ہلاک
راولپنڈی(قدرت روزنامہ) تربت میں سیکیورٹی فورسز کے خفیہ اطلاع پر کیے گئے آپریش میں مقابلے کے دوران تین دہشت گرد مارے گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے آج تربت ہوشاب روڈ پر انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا۔ ان علاقوں میں دیسی ساختہ بم نصب کرنے کے علاوہ سیکیورٹی فورسز اور شہریوں پر فائرنگ کے واقعات سے منسلک دہشت گردوں کے ٹھکانے موجود تھے۔
جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ علاقے کی مسلسل انٹیلی جنس نگرانی اور جاسوسی کے نتیجے میں دہشت گردوں کے مقام کی نشاندہی کی گئی، فرار ہونے والے راستوں کو کاٹنے کے لیے ناکہ بندی کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کردی بعدازاں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد تین دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا، دہشت گردوں سے دیسی ساختہ بم سمیت اسلحہ، گولہ بارود کا ذخیرہ برآمد کیا گیا ہے۔آئی ایس پی آر نے مزید کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان کے امن و استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔