متحدہ عرب امارات نے ایک ارب ڈالر مالی امداد کی تصدیق کر دی


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) متحدہ عرب امارات نے ایک ارب ڈالر مالی امداد کی تصدیق کر دی جبکہ یو اے ای حکام نے آئی ایم ایف کو بھی آگاہ کر دیا ہے۔سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ٹویٹر پر جاری کردہ اپنے ٹویٹ میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان متحدہ عرب امارات کے حکام سے رابطے میں ہے، ایک ارب ڈالر جمع کرانے کے لیے دستاویز کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
واضع رہے رہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کے ساتھ جلد اسٹاف لیول معاہدے کی یقین دہانی کروا دی ہے۔پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان گزشتہ روز ایک اور اہم ورچوئل اجلاس ہوا، جس میں پاکستان کی قیادت وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کی جبکہ وزارت خزانہ، اقتصادی امور کے سیکریٹریز اور گورنر اسٹیٹ بینک واشنگٹن سے اجلاس میں شریک ہوئے۔
اجلاس کے دوران وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور ڈپٹی ایم ڈی آئی ایم ایف اینٹونیٹ منیسہ نے پاکستان کی معاشی صورتحال اور اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا اور پاکستان کی جانب سے آئی ایم ایف پروگرام کے پیشگی اہداف پر عمل درآمد کا جائزہ لیا۔