جوہی چاؤلہ نے سلمان خان کے رشتے سے انکار کی وضاحت پیش کر دی


ممبئی(قدرت روزنامہ)بالی ووڈ کی خوب رو اداکارہ جوہی چاؤلہ نے سلمان خان کے رشتے سے انکار کی وضاحت پیش کر دی۔گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر 90 کی دہائی کا ایک ویڈیو کلپ خوب وائرل ہوا، جس میں سلمان خان بتاتے ہیں کہ وہ جوہی چاؤلہ سے شادی کے خواہشمند تھے۔ تاہم جب انہوں نے اداکارہ کے والد سے بات کی تو انہوں نے انکار کردیا۔
انہوں نے کہا کہ شاید میں ان کے معیار کے مطابق نہیں تھا۔اب اس وائرل ویڈیو کلپ کے جواب میں اداکارہ جوہی چاولہ کا مؤقف بھی سامنے آ گیا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اداکارہ جوہی چاولہ سے حالیہ انٹرویو میں اس ویڈیو کلپ سے متعلق سوال کیا گیا تو وہ ہنسنے لگیں۔
ہنستے ہوئے جوہی چاولہ نے سلمان خان کی جانب سے اس طرح طعنہ دینے کی وضاحت پیش کرتے ہوئے بتایا کہ اداکارہ نے ان کے ساتھ فلم کرنے سے انکار کردیا تھا جس کی وجہ سے وہ آج تک اس طرح چھیڑتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ”جب میں نے انڈسٹری میں اپنا کیریئر شروع کیا تھا تو سلمان خان اس وقت سلمان خان نہیں بنے تھے۔ اتفاق سے مجھے ایک فلم آفر ہوئی جس میں مرکزی کردار وہ کر رہے تھے۔ میں کسی وجہ سے وہ فلم نہ کر سکی، جس کا وہ مجھے آج تک اس طرح طعنہ دیتے آ رہے ہیں۔ وہ مجھے یہ بات یاد دلانے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے کہ میں نے ان کے ساتھ فلم کرنے سے انکار کیا تھا۔
خیال رہے کہ جوہی چاؤلہ اور سلمان خان نے صرف ایک فلم ’دیوانہ مستانہ‘ میں ساتھ کام کیا ہے۔ اس کامیڈی فلم میں انیل کپور اور گووندا بھی تھے۔واضح رہے کہ جوہی چاولہ نے 1995 میں جے مہتا نامی ایک کاروباری شخص کے ساتھ شادی کر لی تھی، جس سے ان کی ایک بیٹی جھانوی مہتا اور ایک بیٹا ارجن مہتا ہیں۔