کامران ٹیسوری کا عوامی مسائل حل کرنے کیلئے گورنر ہاؤس میں گھنٹی لگانے کا اعلان


کراچی (قدرت روزنامہ) گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ وہ گورنر ہاؤس پر گھنٹی لگوا رہے ہیں تاکہ عوام کا کوئی کام ہو تو اس گھنٹی کو بجائیں۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے 23 ویں سحری دہلی کالونی میں کی اور اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج ایک صاحب نے کہا گورنر ہاوس ایلیٹ کلاس کے لئے ہوتا ہے، آپ نے پکوڑے تلنا شروع کر دیئے ہیں، میرے لئے ایلیٹ کلاس عوام ہے، کل میں خود شہید فائر فائٹرز کے گھر جاؤں گا۔
انہوں نے کہا کہ چار دن سے حافظ نعیم الرحمان سے نوک جوک چل رہی تھی، میری آج حافظ نعیم الرحمان سے فون پر بات ہوئی اور کل ان سے ملاقات کروں گا، ان سے مردم شماری کے حوالے سے بات ہوئی ہے۔


گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ ہم نے ایک ایپلی کیشن بنائی ہے، اس ایپلی کیشن میں جو عوام کا مسئلہ ہوگا فوری اس پر عمل کیا جائے گا جب کہ گورنر ہاؤس پر گھنٹی لگا رہا ہوں، عوام کا کوئی کام ہو اس بیل کو بجائیں، گورنر ہاؤس کا سٹاف آئے گا اور ان سے ان کا مسئلہ پوچھے گا، میں بھی گورنر ہاؤس میں ہر وقت موجود رہوں گا اور عملہ بھی موجود ہوگا جو فوری طور پر مسئلے کو دیکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایسا بل لائیں کہ عوام کو این آر او دیا جائے، لوگوں کو ایک ایک ملین کا قرضہ دیا جائے، ایسے بل لائیں جو عوام کے لئے فائدہ مند ہوں، لوگوں کو ٹرک کی بتی کے پیچھے نہ لگائیں کام کریں، جھنڈے لگانے میں کروڑوں روپے لگا دیتے ہیں لیکن اپنے ملازم کو 20 ہزار روپے نہیں دیئے جاتے۔