پاکستان

حکومت نے عدلیہ کے مقابلے پر آ کر سول نافرمانی کی بنیاد رکھ دی: شیخ رشید


راولپنڈی (قدرت روزنامہ)سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکومت نے عدلیہ کے مقابلے پر آ کر سول نافرمانی کی بنیاد رکھ دی ہے، عدالتی حکم کی نافرمانی، حکم عدولی بغاوت کے زمرے میں آتی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں شیخ رشید احمد نے لکھا کہ آج سے سیاسی شطرنج کا کھیل شروع ہو جائے گا، حکومت کے نااہل بونے، چابی والے کھلونوں نے ملکی معاشی، سیاسی، اقتصادی عدالتی بنیادیں ہلا دی ہیں، حکومت کے سیاسی مہرے مات کھائیں گے اور عدلیہ جیتے گی۔


سابق وزیر کا کہنا تھا کہ 8 ججز کے فیصلے کو نہ ماننا ملک میں انتشار، خلفشار اور فسطائیت کو دعوت دے گا، آصف زرداری، شہباز شریف کو نااہل کرا کر ہی دم لے گا، یہ 97 کو دہرانے کی ناکام سازش کرنے جا رہے ہیں، عدالتی بحران کو سنگین اور گھمبیر بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئین اور قانون کی بقا میں ہی ملک کی سلامتی ہے، حکومت کے فیصلے عدلیہ کی آزادی اور معاملات میں مداخلت کے مترادف ہیں، عدلیہ آئین، قانون کا جھنڈا بلند رکھے گی، مداخلت کی اجازت نہیں دے گی۔


سربراہ عوامی مسلم لیگ کا مزید کہنا تھا کہ نیب منی لانڈرنگ کے کیسز آئینی اور قانونی انجام کو پہنچیں گے، اوورسیز کو ووٹ کا حق ملے گا، غریب کیلئے انتظار کی گھڑیاں ختم ہونے کو ہیں، اتوار کو افطاری پر پریس کانفرنس کروں گا۔

متعلقہ خبریں