فوجی قیادت عوامی حمایت کیساتھ آئینی ذمے داریاں نبھانے کیلیے پُرعزم ہے، کور کمانڈرز کانفرنس


راولپنڈی(قدرت روزنامہ) کور کمانڈرز کانفرنس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا ہے کہ فوجی قیادت عوامی حمایت کے ساتھ آئینی ذمے داریاں نبھانے کا عزم رکھتی ہے۔آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت جی ایچ کیو راولپنڈی میں 257 ویں کور کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد ہوا، جس میں فورم نے پاکستان کو درپیش بیرونی اور داخلی سلامتی کے چیلنجز سمیت ملکی اور علاقائی صورت حال کا جائزہ لیا۔
کور کمانڈرز کانفرنس میں اس بات کی توثیق کی گئی کہ عسکری قیادت کو چیلنجز کا مکمل ادراک ہے اور وہ پاکستان کے عوام کی حمایت کے ساتھ اپنی آئینی ذمے داریاں نبھانے کا عزم رکھتی ہے۔
فورم نے اندرونی اور بیرونی خطرات کے خلاف قومی ردعمل کی مکمل حمایت کے لیے مسلح افواج کے عزم کا اعادہ کیا۔ کانفرنس میں کہا گیا کہ سکیورٹی فورسز مغربی سرحد کے ساتھ والے علاقوں میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیاں کر رہی ہیں۔ دہشت گردی کی لعنت کو مستقل بنیادوں پر ختم کرنے کے لیے پوری قوم اور حکومت کو مشترکہ روش اپنانے کی ضرورت ہے۔
کور کمانڈرز کانفرنس نے قومی قوت کے تمام عناصر کے مربوط اطلاق کے ذریعے دہشت گردی کے خلاف مہم کو نیشنل سکیورٹی کونسل (این ایس سی) کے طے کردہ اہداف کو حاصل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔