عمران خان کیخلاف بغاوت کے مقدمے میں اسپیشل جے آئی ٹی تشکیل


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) اسلام آباد کیپیٹل پولیس نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کیخلاف بغاوت کے مقدمے میں اسپیشل جے آئی ٹی تشکیل دے دی۔رپورٹ کے مطابق اسلام آباد کیپیٹل پولیس نے مقدمہ نمبر 255/23 تھانہ رمنا میں اسپیشل جے آئی ٹی تشکیل دی ہے۔ڈی آئی جی آپریشنز سید شہزاد ندیم بخاری اسپیشل جے آئی ٹی کے کنوینئر ہوں گے جبکہ دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے نمائندے بھی جے آئی ٹی کے ممبر ہوں گے۔
اسلام آباد کیپیٹل پولیس کا کہنا ہے کہ ادارہ قانون کی عملداری کے لئے کوشاں ہے۔ اسلام آباد پولیس کے افسران کے خلاف پروپیگنڈا اور بے بنیاد الزامات ایک منظم منصوبے کا حصہ ہیں۔
اسلام آباد پولیس نے بر ضمانت تمام ملزمان کو عدالتوں میں پیشی کے دوران سکیورٹی فراہم کی۔ تمام مقدمات قانون کے مطابق درج ہوئے اور ان پر قانون کے مطابق کارروائی ہورہی ہے۔ اسلام آباد پولیس قانون کی حکمرانی نافذ کرنے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
یاد رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف تھانہ رمنا میں 6 اپریل کو ٹی وی تقریر پر بغاوت کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔