شہباز شریف توہین عدالت اور آرٹیکل 6 کی طرف بڑھ رہے ہیں: شیخ رشید


راولپنڈی(قدرت روزنامہ) سربراہ پاکستان عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ شہبازشریف توہین عدالت اور آرٹیکل 6 کی بارودی سرنگ کی طرف بڑھ رہے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیخ رشید احمد نے لکھا کہ اگر ایک دن میں انتخابات کرانے ہیں تو قومی اسمبلی توڑیں جیسے ہم نے صوبائی اسمبلیاں توڑیں ورنہ بحران انتہائی گھمبیر ہو جائے گا، لاہور کے سینئر وکلا نے کہہ دیا ہے سپریم کورٹ ہماری ریڈ لائن ہے اور 14 اپریل کو الیکشن ہو کر رہیں گے۔


انہوں نے کہا کہ عید کی خوشیوں پر بھی 10 روپے کا پٹرول بم گرا دیا ہے، مزید 39 لاکھ افراد غربت کی لکیر سے نیچے چلے گئے ہیں اور زرمبادلہ کے ذخائر ایک ماہ کی درآمدات کیلئے بھی پورے نہیں، نہ بجلی گیس کا بل نہ سکول میں داخلہ بلکہ عدلیہ کے ساتھ لڑائی انکی دماغی توازن کی نشاندہی کرتی ہے۔


سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم پہلے ہی کہہ چکے تھے کہ نوازشریف پاکستان نہیں آئے گا، آئی ایم ایف سے اپریل میں بھی معاہدہ ہوتا دکھائی نہیں دیتا، ایک طرف گرفتاریاں دوسری طرف مذاکرات کابھونڈا مذاق ہے۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ نے مزید کہا کہ عدلیہ کو دھوکہ دینے کی کوشش کی گئی توعدلیہ اپنا آئینی اختیار استعمال کرے گی جو عوام کو منہ دکھانے کے قابل نہیں وہ عدلیہ کو للکار رہے ہیں، الیکشن کروانے ہوں گے ورنہ فیصلہ سڑکوں پر ہوگا۔