لکی مروت: جے یو آئی رہنما مفتی عبدالشکور کو آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا
لکی مروت(قدرت روزنامہ) گزشتہ روز ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والے جمیعت علماء اسلام کے رہنما اور وفاقی وزیر برائے مذہبی امور مفتی عبدالشکور کو آبائی علاقے تاجبی خیل کے قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔مفتی عبدالشکور کی نماز جنازہ میں ممبر قومی اسمبلی محسن داوڑ، مولانا محمد انور، محمد خان شیرانی اور دیگر سیاسی، سماجی شخصیات سمیت ہزاروں کی تعداد میں جے یو آئی کے کارکنوں نے شرکت کی۔
نماز جنازہ کے موقع پر علاقے میں پولیس کی جانب سے سکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا تھا، جنازہ گاہ اور راستوں میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی۔گزشتہ روز مفتی عبدالشکور کی نمازہ جنازہ اسلام آباد میں جامعہ دارالسلام سیکٹر جی 6 میں مولانا فضل الرحمان نے پڑھائی، نماز جنازہ میں ارکان پارلیمنٹ سمیت علماء اور جے یو آئی کے کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، طارق فضل چودھری اور دیگر ممبران اسمبلی بھی نماز جنازہ میں شریک ہوئے۔
بعد ازاں مفتی عبدالشکور کی میت کو اسلام آباد سے لکی مروت ان کے آبائی گاؤں پہنچا دیا گیا، مفتی عبدالشکور کو لکی مروت میں واقع آبائی گاؤں تاجبی خیل میں سپرد خاک کر دیا گیا۔