پنجاب میں پٹرول پمپس کے 1264 این او سیز فوری جاری کرنے کا حکم


لاہور(قدرت روزنامہ) بے روزگاری میں کمی اور سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کے لیے نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پنجاب بھر میں پٹرول پمپس کے عرصہ دراز سے زیر التواء این او سیز یکم مئی تک جاری کرنے کا حکم جاری کردیا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے اس حوالے سے متعلقہ حکام کو تمام این او سیز 15 روز میں کلیئر کرنے کی ہدایت کردی جس کے بعد نئے پٹرول پمپس لگنے سے نوجوانوں کے لیے ملازمت کے ہزاروں مواقع پیدا ہوں گے۔
پنجاب کے تمام اضلاع میں پٹرول پمپس کے لیے 1264 درخواستیں عرصہ دراز سے التواء کا شکار ہیں اس نئے حکم کے بعد اب ہر پٹرول پمپ پر اوسطا 30 سے 35 لوگوں کو روزگار ملے گا، 1200 سے زائد پٹرول پمپس کو این او سیز ملنے سے 30 ہزار سے زائد لوگ برسر روزگار ہوں گے۔
اپنے حکم میں وزیر اعلی نے تمام متعلقہ محکموں کو این او سیز جلد ازجلد دینے اور اجراء میں غیر ضروری تاخیر ختم کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ قانونی تقاضے پورے کرکے پٹرول پمپس کے این او سیز فوری دیے جائیں، این او سیز کے اجراء میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے جس سے شہریوں کا حکومت پر اعتماد بڑھے گا۔