کنگنا رناوت نے کرن جوہر کو آڑے ہاتھوں لے لیا


ممبئی(قدرت روزنامہ) معروف اداکارہ کنگنا رناوت نے سوشل میڈیا پر فلمساز کرن جوہر کو ٹیگ کرکے کھری کھری سنادی۔ کنگنا رناوت اور کرن جوہر کی چپقلش نئی بات نہیں۔ کنگنا، کرن جوہر پر پھبتی کسنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتیں تو جواب میں فلمساز کرن جوہر بھی صاف صاف کہہ دیتے ہیں کہ کنگنا میں اداکاری کے جوہر ہی نہیں۔
یہ کنگنا رناوت ہی تھیں جنھوں نے کچھ عرصے پہلے کرن جوہر کو فلم انڈسٹری کا مودی مافیا قرار دیا تھا جو بڑے اسٹار کے بچوں کو پروموٹ کرتے ہیں اور فلم انڈسٹری کو چند خاندانوں تک محدود رکھتے ہیں۔2019 میں کرن جوہر نے کنگنا رناوت کو بیروزگار کہہ طنز کا نشانہ بنایا تو اداکارہ نے ترکی بہ ترکی جواب دیا تھا کہ تم میرا ٹیلنٹ اور اپنی فلموں پر نظر ڈالو۔
جواب میں کرن جوہر بھی بغیر لگی لپٹی کہہ چکے ہیں کہ انھیں اداکارہ کنگنا کو فلم میں لینے اور ان کے ساتھ کام کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔یہ بات تو کافی پرانی تھی لیکن سوشل میڈیا پر ایک مداح نے کنگنا رناوت کو کرن جوہر کے اس بیان کی ویڈیو پر ٹیگ کرکے معاملہ دوبارہ گرم کردیا۔
جس پر کنگنا رناوت نے اس پرانی ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ چاچا چوہدری (کرن جوہر) اس فضول گفتگو کے لیے شکریہ۔کنگنا رناوت نے مزید لکھا کہ جب میں فلمساز بنوں گی تو میں ان کا یہ بیان انہی کو بطور آئینہ دکھاؤں گی۔