’دی کپل شرما شو‘ جون سے غیر معینہ مدت کیلئے آف ایئر ہوجائے گا


ممبئی(قدرت روزنامہ) معروف ٹی وی کامیڈی پروگرام ’دی کپل شرما شو‘ رواں برس جون سے ایک بار پھر عارضی طور پر آف ایئر ہوجائے گا۔ بھارتی میڈیا نے پروگرام کی ٹیم کے حوالے سے بتایا کہ پروگرام کے دوران وقفے کاسٹ اور کانٹینٹ کیلئے بہتر ثابت ہوتے ہیں اور اس سے ہمیں مزید بہتری کا موقع ملا جاتا ہے۔
ٹیم کے مطابق کامیڈی ایک بہت سخت صنف ہے اور اداکاروں کو وقفے کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ وہ ایک چیز کو بار بار دہرانے سے بچ سکیں، جب وقفے کے بعد ٹیم واپس آئے گی تو ہم تازہ دم ہوکر نئے تجربات بھی کرسکیں گے۔
ذرائع کے مطابق وقفے کے دوران کپل شرما ایک انٹرنیشل ٹور پر بھی جائیں گے، ٹیم نے کچھ اضافی اقساط پر کام کرلیا ہے تاکہ شو کی غیر حاضری زیادہ محسوس نہ ہو لیکن اب تک یہ بات سامنے نہیں آئی ہے کہ یہ وقفہ کتنا طویل ہوگا۔کپل شرما شو کی آخری قسط کی تاریخ کا فیصلہ اب تک نہیں ہوا ہے لیکن ذرائع کے مطابق نئے سیزن کے فائنل ایپی سوڈ کو مئی میں شوٹ کیا جائے گا اور اسے ٹی وی پر جون میں نشر کیا جائے گا۔
قبل ازیں کپل شرما نے 2021 سے 2022 تک اپنے شو سے بریک لینے کا فیصلہ کیا تھا انہیں اپنی مکمل ٹیم کے ساتھ چھ ماہ بعد ہی ٹی وی اسکرین پر واپس آنا پڑا۔