مردم شماری پر صرف سندھ حکومت نے ہی اسٹینڈ لیا، ناصر حسین شاہ


کراچی (قدرت روزنامہ)وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے حافظ نعیم کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مردم شماری پر صرف سندھ حکومت نے ہی اسٹینڈ لیا۔ایک بیان میں سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ اس اہم مسئلے پر جماعت اسلامی سمیت دیگر پارٹیوں نے صرف زبانی خرچ کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ این ایف سی ہو یا پانی کی تقسیم، گیس میں حصہ ہو یا مردم شماری پیپلز پارٹی نے سندھ کے عوام کے حقوق کی حفاظت کی ہے۔ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کے بائیکاٹ سے بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی کو کیا چند سیٹیں ملیں تو حافظ نعیم نے تو دل پہ لے لیا۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ سندھ حکومت نے شہر میں امن و امان قائم کیا، کراچی کے انفرااسٹرکچر کی تعمیر کی اور صفائی ستھرائی کا بہترین نظام بنایا۔ان کا کہنا ہے کہ شہریوں کے مسائل کا حل کرنے کے لیے پیپلز پارٹی سچائی سے خدمت کر رہی ہے، کراچی کی عوام اب پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ ہے۔