عید پر کرایہ بڑھانے والے ٹرانسپورٹر کیخلاف FIR درج ہوگی، شرجیل انعام میمن


کراچی (قدرت روزنامہ)صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ نے بسوں کے کرائے بڑھانے سے انکار کر دیا ہے، وزیراعلیٰ سندھ نے بسوں کے کرائے بڑھانے سے روک دیا ہے، عید پر کرایہ بڑھانے والے ٹرانسپورٹر کے خلاف ایف آئی آر درج ہوگی۔شرجیل میمن نے پریس کانفرنس کے دوران کہا ہے کہ ٹرانسپورٹر کرایوں میں من مانا اضافہ نہیں کر سکتے، ٹرانسپورٹرز کو من مانی نہیں کرنے دیں گے، حکومت کے مقررہ کرائے سے زائد لینے والےٹرانسپورٹر کے خلاف کارروائی ہوگی۔
شرجیل انعام میمن نے سابق وزیر اعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایک امریکی لابسٹ عمران خان کی حمایت کر رہا ہے، امریکا میں بیٹھ کر پاکستان کی سیاست میں مداخلت کر رہے ہیں۔اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان بھی طالبان کا حمایتی ہے اور زلمے بھی طالبان کا حمایتی ہے، زلمے خلیل زاد خود کرپٹ ترین انسان ہے اس پرمنی لانڈرنگ کے الزامات ہیں، عمران خان اور زلمے پر منی لانڈرنگ کے کیس چل رہے ہیں۔
شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ عمران خان کی وجہ سے آج سپریم کورٹ کے دو حصے ہوئے، وہ نہ پارلیمنٹ اور نہ ہی آئین کو ماننے کو تیار ہے، معلوم کیا جائے کہ اس کی کچھ عرصے میں کتنے غیرملکی افراد سے بات ہوئی، جس ملک پرالزام لگایا آج اسی کے لوگوں کے پیروں میں پڑا ہے اور اقتدار چاہتا ہے، تاریخ میں اداروں کو اتنا نقصان کسی نے نہیں پہنچایا جتنا اس نے پہنچایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ گندم کی سپورٹ پرائس کم کرنے کا پروپیگنڈہ کیا گیا، گندم سپورٹ پرائس کم کرنےکے پروپیگنڈہ کے پیچھے پی ٹی آئی سوشل میڈیا ٹیم تھی، گندم کی خریداری کا عمل جاری ہے، کوشش ہے کہ ٹارگٹ پورا کریں، ضلعی سطح پر اقدامات کیےگئے ہیں کہ گندم باہر نہ جائے۔ شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ پی پی کی سیاست آئین کی بالادستی اور اداروں کی آزادی ہے، دوسری جماعتوں کو عدالت سے ریلیف ملتا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھی بولنے والا ایک بھی جج سپریم کورٹ میں نظر نہیں آتا، چار ادوار میں ایک بھی سندھی جج نہیں رکھا گیا، سندھی زبان میں بات کرنے والے جج کے لیے کیا سپریم کورٹ نوگو ایریا بن گیا ہے۔شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ کیا وجہ ہے کہ سندھی جج کو سپریم کورٹ میں ترقی نہیں دی جا رہی، ہم وفاق کی سوچ رکھتے ہیں، تعصب کی سوچ نہیں رکھتے۔