پاکستانی ماڈل اور اداکارہ سعیدہ امتیاز کی موت کی خبریں غلط ثابت ہوگئیں


لاہور (قدرت روزنامہ)پاکستانی ماڈل اور اداکارہ سعیدہ امتیاز کی موت کی خبریں غلط ثابت ہوئیں اور خصوصی ذرائع نے بتایا ہے کہ اداکارہ زندہ ہیں اور ٹھیک ہیں۔ اداکار صائم علی نے بھی اداکارہ کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی ہے اور ساتھ لکھا ہے ’الحمد اللہ، میری دوست بالکل ٹھیک ہے اور موت کی خبریں غلط ہیں۔

فنکارہ کے قانونی مشیر سید مدبر رضوی کی جانب سے یہی بات کہی گئی ہے کہ موت کی خبر کنفرم نہیں ہے۔

ذرائع کے مطابق سعیدہ امتیاز کے انسٹاگرام اکاؤنٹ کو ہیک کرکے ان کے اکاؤنٹ سے ان کی موت کی خبر چلائی گئی تھی، اس خبر میں موت کی وجہ اور جگہ کی وضاحت نہیں کی گئی تھی۔اپنے کام سے جلد ہی شوبز انڈسٹری میں نام بنانے والی سعیدہ امتیاز کی پیدائش متحدہ عرب امارات میں ہوئی ہے اور وہ یو اے ای اور امریکا میں پلی بڑھیں۔ اداکاری اور ماڈلنگ کا شوق انہیں پاکستان لے آیا۔
سعیدہ امتیاز نے فلم ’قلفی‘، ’ریڈرم‘، ’تھوڑی سیٹنگ تھوڑا پیار‘، ’وجود‘، اور فلم ’کپتان‘ میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔یاد رہے کہ عمران خان پر بننے والی فلم ’کپتان‘ میں سعیدہ امتیاز نے جمائما کا کردار ادا کیا ہے۔