3 ماہ میں 13 چالان؛ مفتی عبدالشکور کی گاڑی کو ٹکر مارنے والا عادی مجرم نکلا


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) مرحوم وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور کے حادثے سے متعلق نیا انکشاف سامنے آگیا۔پولیس ذرائع کے مطابق مفتی عبدالشکور کی گاڑی کوٹکر مارنے والا ڈرائیور تیز رفتار ڈرائیونگ کا عادی ہے۔ ملزم گل خان کے تیز رفتار ڈرائیونگ پر رواں سال 13 چالان ہوئے۔
پولیس حکام کا مزید کہنا ہے کہ ملزم کا پہلا چالان 13 جنوری اور آخری 10 اپریل کو ہوا تھا۔ ملزم نے آخری چالان کا جرمانہ 26 سو روپے بھی جمع نہیں کروایا تھا۔ ملزم گل خان انڈے سپلائی کرنے والی نجی کمپنی کا ڈرائیور ہے۔ کمپنی کے مالک ڈاکٹر صادق ہیں۔
وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور16 اپریل کو اسلام آباد میں کار حادثے میں جاں بحق ہوگئے تھے۔ ان کی گاڑی کو تیزرفتار گاڑی نے ٹکر ماری تھی جس کے نتیجے میں مفتی عبدالشکورموقع پر جاں بحق ہوگئے تھے۔