75 سال سے اقتدار میں آنے والوں نے عوام کے ساتھ زیادتی کی، مفتاح اسماعیل


کراچی(قدرت روزنامہ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ 75 سال سے برسراقتدار اشرافیہ نے عوام کے ساتھ زیادتی کی۔امریکی نشریاتی ادارے سے گفتگو میں رہنما (ن) لیگ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی برابری کے دیگر ممالک سے بہت پیچھے رہ گیا ہے۔ اگر ہماری سمت غلط ہے تو یہ سمت بدلنا ہوگی۔
مفتاح اسماعیل کا مزید کہنا تھا کہ کوئی رکن اسمبلی اس پر بات نہیں کرتا ۔ پاکستان میں سیاست اقتدار کی جنگ ہوگئی ہے۔ ہمارے سیاسی لیڈران کے بیانات سنیں تو وہ ایک دوسرے پر طعنے کس رہے ہوتے ہیں کہ میں اسے جیل میں ڈال دوں گا اور وہ اس کو جیل میں ڈال دے گا یہی باتیں کررہے ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی بات کس سیاسی پارٹی نے کی ہے۔ کس سیاسی پارٹی نے غربت کے خاتمے، خاندانی منصوبہ بندی کی بات کی ہے۔ کس پاکستانی نے روزگار پیدا کرنے اور عوام کوحق دلانے کی بات کی ہے۔ پاکستانی سیاسی پارٹیاں ناقص ہو گئی ہیں جو صرف اپنے لیڈران کا مفاد اور انہیں اقتدار میں لانا چاہتی ہیں۔ اس کے علاوہ کسی بھی سیاسی پارٹی نے کیا کوئی بات کی ہے۔