گھوٹکی میں ڈاکوؤں کا سلام گوٹھ پولیس پکٹ پر حملہ، 2 اہلکار شہید


گھوٹکی(قدرت روزنامہ) تھانہ گیمڑو کی حدود میں ڈاکوؤں نے سلام گوٹھ پولیس پکٹ پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 2 اہلکار شہید ہوگئے۔ایکسپریس نیوز کے مطابق ضلع گھوٹکی میں تھانہ گیمڑو کی حدود میں ڈاکوؤں نے سلام گوٹھ پولیس پکٹ پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں 2 اہلکار شہید ہوگئے۔ شہید ہونے والوں علی گوہر دایو اور کشور کمار شامل ہیں جب کہ ایک اہلکار زخمی بھی ہوا۔
ڈی آئی جی سکھر جاوید جسکانی کے مطابق چوکی پر ایک درجن سے زائد ڈاکوؤں نے حملہ کیا ہے، حملے کے بعد 10 سے زائد ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تاہم پولیس ڈاکوؤں کا تعاقب کررہی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ چوکی پر حملے میں شہید اہلکاروں کی لاشیں اسپتال پہنچادی گئیں جب کہ زخمی اہلکار کو سکھر سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔
زخمی اہلکار عزیز میرانی نے اپنے بیان میں کہا کہ پولیس چوکی پر 3 اہلکار تعینات تھے، رات کے تقریباً ڈیڑھ بجے ایس ایچ او نے الرٹ رہنے کا حکم دیا تھا، بعدازاں حملہ آور ڈاکوؤں کی بڑی تعداد اور موٹر سائیکلوں پر سوار تھے، اچانک حملہ کیا، ہم تین پولیس اہلکار موجود تھے جس میں سے 2 شہید ہوگئے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ساتھی اہلکاروں کی شہادت کا افسوس مگر حوصلے بلند ہیں۔