ایسے مردوں کو جانتی ہوں جو میری کامیابی سے خود کو غیر محفوظ محسوس کرتے تھے، پریانکا چوپڑا
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بھارتی دیسی گرل پریانکا چوپڑا نے اپنی زندگی میں آنے والے ایسے مردوں سے متعلق انکشاف کیا ہے جو اُن کی کامیابی سے خود کو غیر محفوظ سمجھتے ہیں۔ہالی ووڈ فلموں میں کام کرنے اور گائیکی کی دنیا میں قدم رکھنے کے بعد پریانکا چوپڑا اب ایک عالمی آئیکون بن چکی ہیں،اِن کے مداحوں میں دن بہ دن اضافہ ہو رہا ہے۔
پریانکا چوپڑا بالی ووڈ کی ایک ایسی اداکارہ ہیں جو اپنے دل کی بات کہنے میں کبھی نہیں ہچکچاتیں، وہ آج کل انٹرویوز کے دوران اپنے کیریئر کے آغاز اور ماضی میں اپنے ساتھ پیش آنے والے ناخوشگوار واقعات سے متعلق کھُل کر بات کر رہی ہیں۔حال ہی میں پریانکا چوپڑا نے مردوں کی ذہنیت سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ میری زندگی میں کچھ ایسے مرد بھی آئے جو میری کامیابی سے خود کو غیر محفوظ سمجھتے تھے۔
انہوں نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرے خیال میں مردوں کو آزادی اور گھر کا حاکم ہونا بہت پسند ہے، وہ اس بات سے لطف اندور ہوتے ہیں کہ گھر میں کمانے والے واحد وہ ہیں اور اگر کوئی عورت اُن کے برابر یا اُن سے زیادہ کمانے لگ جائے، یا وہ گھر بیٹھے ہوں اور عورت باہر سے کما کر لائے تو وہ خود کے لیے اسے ایک خطرے جیسا محسوس کرتے ہیں۔
پریانکا چوپڑا نے مزید کہا کہ یہ سوچ بدلنے کے لیے ہمیں اپنے بیٹوں کو ایسی دقیانوسی سوچ سے دور رکھنا ہوگا اور اُنہیں برابری سکھانا ہوگی کہ گھر میں موجود ماں بہن یا بیٹی بھی آپ سے زیادہ کما سکتی ہے۔اداکارہ نے اپنے شوہر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اُنہیں جب کسی تقریب میں اُن کے شوہر سے زیادہ توجہ ملتی ہے تو نک جوناس خود کو غیر محفوظ نہیں محسوس کرتے، وہ خوش ہوتے ہیں اور مجھ پر فخر محسوس کرتے ہیں۔