اسلام آباد کچہری میں پولیس حراست میں ملزم قتل، فائرنگ کرنے والا شخص گرفتار


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں پولیس حراست میں ملزم کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا جبکہ پولیس نے قاتل کو گرفتار کر لیا۔ترجمان اسلام آباد کیپیٹل پولیس کے مطابق واقعہ وکلاء چیمبر کے قریب پیش آیا جہاں کورال پولیس قتل کے مقدمے 680/21 میں ملزمان کو پیشی کے لیے لائی تھی۔
پولیس ملزمان کو پیشی کے بعد عدالت سے واپس لارہی تھی کہ ملزم سلمان نے اچانک فائرنگ کر دی جس سے زیر حراست ملزم زوار علی موقع پر ہی دم توڑ ہوگیا۔ملزم پر گولی چلانے والے شخص کو پولیس نے آلہ قتل سمیت جائے وقوعہ سے گرفتار کرلیا، ملزم کو بخشی خانے منتقل کر دیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ قاتل اور مقتول کے درمیان رشتہ داری تھی اور مقتول چارسدہ کا رہائشی تھا۔
قاتل اور مقتول کے درمیان رشتہ داری تھی، ملزم سلمان نے ذاتی رنجش پر زوار کو قتل کیا۔آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خاں نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی پی او سیکیورٹی کو واقعے کی انکوائری کرکے رپورٹ دینے کا حکم دیا۔ واقعے میں پولیس ملازمین کی غفلت و لاپرواہی پر سخت ایکشن ہوگا۔