اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف غیر شرعی نکاح کے کیس میں عون چوہدری کو بطور گواہ شامل کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا . غیر شرعی نکاح کیس کی سماعت سول جج نصر مِن اللّٰہ کی عدالت میں ہوئی جس کے دوران درخواست گزار کے وکیل راجہ رضوان عباسی پیش ہوئے .
درخواست گزار کی جانب سے عون چوہدری کا بیان قلم بند کرانے کی درخواست دائر کر دی گئی . وکیل رضوان عباسی نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار مزید گواہان کا عدالت میں بیان قلم بند کرانا چاہتا ہے، عون چوہدری عمران خان کے نکاح میں بطور گواہ شامل تھے، وہ آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش ہونا چاہتے ہیں، عدالت عون چوہدری کو بطور گواہ کیس میں بیان قلم بند کرنے کی اجازت دے .
عدالت نے عون چوہدری کو بطور گواہ کیس میں شامل کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا . عون چوہدری بطور گواہ کیس میں شامل ہوں گے یا نہیں؟ فیصلہ 27 اپریل کو سنایا جائے گا . اس کے ساتھ ہی سول جج نصرمِن اللّٰہ نے کیس کی سماعت 27 اپریل تک ملتوی کر دی .