حکمران اتحاد کا عیدالفطر کے بعد سربراہی اجلاس بلانے کا فیصلہ
اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت حکمران جماعتوں کے اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس میں عیدالفطر کے بعد حکمران اتحاد کا سربراہی اجلاس بلانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت حکمران جماعتوں کا اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس ہوا جس میں ملکی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
مشاورتی اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں آئینی وقانونی امور پر مستقبل کی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی جبکہ نگران حکومتوں کے تحت ملک میں ایک ہی دن عام انتخابات کے مؤقف پر بھی مشاورت ہوئی۔اعلامیہ میں کہا گیا کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عید کے بعد حکمران جماعتوں کا سربراہی اجلاس بلایا جائے، اتحادی جماعتوں میں پہلے سے الیکشن سےمتعلق مشاورتی عمل جاری ہے، وزیراعظم اس پرپہلے ہی ایک کمیٹی بھی بنا چکے ہیں۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) بلاول بھٹو زرداری اور سربراہ جمعیت علما اسلام ( جے یو آئی ) مولانا فضل الرحمان کی ملاقات بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے اور امیرجماعت اسلامی سراج الحق کی وزیراعظم سے ملاقات بھی اسی عمل کا حصہ ہے۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ اجلاس میں اعادہ کیا گیا کہ آئین، جمہوریت اور انتخابات کے انعقاد پر کامل یقین رکھتے ہیں، مذاکرات کے دروازے ہم نے کسی پرکبھی بھی بند نہیں کیے، اجلاس میں سنجیدہ اور آئینی حدود کے اندر مذاکرات کیلئے آمادگی کا اظہار کیا گیا۔