علی زیدی ملیر جیل سے رہا


کراچی (قدرت روزنامہ)پی ٹی آئی رہنما علی زیدی کو ڈسٹرکٹ جیل ملیر سے رہا کر دیا گیا۔اس سے قبل جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر کراچی کی عدالت نے فراڈ اور دھمکانے کے کیس میں گرفتار پی ٹی آئی رہنما، سابق وفاقی وزیر علی زیدی کی ضمانت منظور کی تھی۔
عدالت نے علی زیدی کو 10 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم بھی دیا تھا۔
علی زیدی کی ضمانت سیٹلمنٹ کے نتیجے میں ہوئی: مخالف وکیل
مدعیٔ مقدمہ کے وکیل کامران بلوچ ایڈووکیٹ نے میڈیا کو گفتگو میں بتایا کہ مدعیٔ مقدمہ ملک سے باہر ہیں، ہماری عدالت سے باہر سیٹلمنٹ ہو چکی ہے۔انہوں نے بتایا کہ علی زیدی کو انسانی ہمدردی کے تحت ضمانت پر رہا کیا گیا ہے۔
مدعی کے وکیل نے کہا ہے کہ علی زیدی کی درخواستِ ضمانت میرٹ پر منظور نہیں ہوئی، ان کی ضمانت مدعی سے سیٹلمنٹ کے نتیجے میں منظور کی گئی۔مدعی کے وکیل کامران بلوچ ایڈووکیٹ کا یہ بھی کہنا ہے کہ علی زیدی اور مدعیٔ مقدمہ کے درمیان کچھ معاملات طے ہو گئے ہیں، دیگر معاملات جیل سے باہر آنے کے بعد طے کیے جائیں گے۔
علی زیدی کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد
اس سے قبل علی زیدی کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر آج جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر کراچی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔عدالت نے علی زیدی کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع سے متعلق تفتیشی افسر کی استدعا مسترد کر دی اور انہیں 30 اپریل تک عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔
علی زیدی کی پیشی کے موقع پر ملیر کورٹ اور اطراف میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔پی ٹی آئی رہنما علی زیدی کے خلاف ابراہیم حیدری تھانے میں فراڈ اور دھمکیاں دینے کا مقدمہ درج ہے۔