ٹوئٹر کی مفت ’بلیو ٹِک‘ سروس ختم


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر کی مفت ’بلیو ٹِک‘ سروس ختم ہونے کے بعد دنیا بھر میں اہم شخصیات اور دیگر صارفین کے اکاؤنٹس سے’بلیو ٹِک‘ ہٹانے کا مرحلہ شروع ہوگیا۔غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور دنیا کے امیر ترین افراد میں شامل بل گیٹس کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ’بلیو ٹِک‘ غائب ہوگیا ہے۔
پاکستان میں عمران خان، شاہد آفریدی، بابر اعظم جبکہ بھارت میں شاہ رخ خان، امیتابھ بچن اور ویرات کوہلی سمیت کئی اہم شخصیات کے اکاؤنٹ سے بھی بلیو ٹِک ہٹا دیا گیا ہے۔رپورٹس کے مطابق ٹوئٹر کی جانب سے کئی مشہور کھلاڑیوں اور گلوکاروں کے اکاؤنٹس سے بھی بلیو ٹِک ہٹایا گیا ہے جبکہ کئی شخصیات نے اسے برقرار رکھا ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق ٹوئٹر کے سی ای او ایلون مسک نے 20 اپریل سے صارفین کے اکاؤنٹس سے مفت بلیو ٹِک ہٹانے کا اعلان کیا تھا۔
یاد رہے کہ ایلون مسک نے ٹوئٹر اکاؤنٹ کو ویری فائیڈ کرانے کا عمل ماہانہ فیس سے مشروط کردیا تھا۔واضح رہے کہ پاکستان میں ٹوئٹر بلیو کی سبسکرپشن فیس ماہانہ 2250 روپے رکھی گئی ہے جبکہ دنیا کے دیگر ملکوں میں یہ 8 سے 11 ڈالرز کے درمیان ہے۔