فضل الرحمان کی جمہوری سوچ ہے انہیں قائل کریں گے، سراج الحق
لاہور (قدرت روزنامہ)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی جمہوری سوچ ہے انہیں قائل کریں گے۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سراج الحق نے مولانا ہدایت الرحمان کو فوری رہا کرنے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاسی بحران ہے، جس کی وجہ سے معاشی بحران ہے، ادارے بھی آپس میں تقسیم ہیں۔
سراج الحق نے کہا کہ بلوچستان میں ہدایت الرحمان کی گرفتاری کو 100 دن ہوگئے، ہدایت الرحمان نے گوادر کے ماہی گیروں کے لئے احتجاج کیا تھا، بلوچستان میں مکمل امن اور سی پیک کی تکمیل چاہتے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ کسی ایک صوبے میں الیکشن مسائل کا حل نہیں، صرف ایک صوبے میں الیکشن ہونے سے فساد ہوگا۔انہوں نے کہا کہ الیکشن 23 کروڑ عوام کا مسئلہ ہے، پنجاب میں اکیلے الیکشن کو کوئی قبول نہیں کرے گا، سیاسی جماعتوں سے الیکشن پر بات کر رہے ہیں۔ عید کے بعد رابطے کرکے الیکشن کیلئے ساز گار ماحول پیدا کریں گے۔