صدر مملکت نے ہراسانی کیس میں ملزم پر جرمانہ عائد کردیا


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ہراسانی کیس میں ملزم پر جرمانہ عائد کردیا۔ایکسپریس نیوز کے مطابق صدر مملکت نے ایک مقدمے میں ناقص بنیادوں پر غیر ضروری قانونی چارہ جوئی کی حوصلہ شکنی کے لیے ملزم پر عائد کیا ہے اور کہا ہے کہ ملزم فضائی سفر کا کرایہ ادا کرے، خاتون کو سماعت کے لیے کراچی سے اسلام آباد کا سفر کروا کر مزید ذہنی اور مالی مشکلات میں ڈالا گیا۔
مقدمے کے مطابق سکھر میں تعینات ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کی خاتون اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) (شکایت کنندہ) کو ایئرپورٹ منیجر نے مبینہ طور پر ہراساں کیا، ملزم نے خاتون پر شادی کے لیے دباؤ ڈالا تاہم شادی کے چار ماہ کے اندر ہی ملزم نے اس کے ساتھ بدسلوکی شروع کردی۔
الزامات عائد کیے گئے کہ فروری 2022ء میں ملزم نے خاتون کو طلاق دی، بعد میں ساتھ رہنے کے لیے دباؤ ڈالا، ملزم نے ایئرپورٹ منیجر کی حیثیت سے نوکری ختم کرنے کی بھی دھمکی دی، ناشائستہ واٹس ایپ پیغامات بھیجے، شکایت کنندہ نے وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت سے رابطہ کیا۔محتسب نے کیس پر محتسب کے دائرہ اختیار کے حوالے سے ملزم کے اعتراضات کو مسترد کردیا۔ ملزم نے محتسب کے حکم کے خلاف صدر مملکت کو اپیل دائر کی جیسے صدر نے بھی مسترد کردیا۔
صدر مملکت نے کہا ہے کہ اصل کیس کی کارروائی ابھی زیر التوا ہے جس میں ہراسانی کی حقیقت کا پتا لگانے کے لیے شواہد ریکارڈ کیے جانے باقی ہیں، ملزم نے کارروائی کو طول دینے کے لیے غیر ضروری طور پر درخواست دائر کی، ایسے رجحان کی حوصلہ شکنی کی ضرورت ہے کیونکہ یہ وقت حاصل کرنے کے حربے کے سوا کچھ نہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ یہ طے شدہ بات ہے کہ کسی بھی فریق کو عجلت میں اپیل دائر کرنے کی اجازت نہیں، نہ صرف محتسب بلکہ صدر کا قیمتی وقت ضائع ہوا ، ملزم نے شکایت کنندہ کو بھی ناقص بنیادوں پر دائر درخواست سے سماعت کیلئے غیر ضروری طور پر تکلیف دی، غیر ضروری قانونی چارہ جوئی کے اس طرح کے رجحان کی حوصلہ شکنی کی ضرورت ہے۔
اپنے فیصلے میں ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ معاملات کو نمٹانے میں غیر معمولی تاخیر کو روکنے کے لیے ناقص بنیادوں پر اپیل جمع کرانے والے فریق پر جرمانہ عائد کرنا مناسب ہے، شواہد کی جانچ پڑتال کے بغیر کیس میں فیصلہ نہیں کیا جاسکتا۔صدر نے ملزم کی اپیل مسترد کرتے ہوئے شکایت کنندہ کے ہوائی سفر کے اخراجات ملزم پر عائد کر دیئے اور کہا کہ محتسب کارروائی نوے دن میں مکمل کرے، ملزم کی طرف سے شکایت کنندہ کو ہوائی جہاز کے کرایے کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے۔