ملک میں ایک دن انتخابات: مسلم لیگ (ق) نے بھی مذاکرات کیلئے 4 رکنی کمیٹی بنا دی
لاہور(قدرت روزنامہ) مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چودھری شجاعت حسین کی زیر صدارت پارٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں ملک میں جاری سیاسی بحران پر مشاورت کی گئی۔اجلاس میں پارٹی کے چیف آرگنائزر چودھری محمد سرور، جنرل سیکرٹری طارق بشیر چیمہ، نائب صدر چودھری سالک حسین اور جنرل سیکرٹری پنجاب چودھری شافع حسین نے شرکت کی، اس موقع پر موجودہ سیاسی صورتحال، پنجاب میں انتخابات کیلئے پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں پارٹی رہنماؤں نے پنجاب میں انتخابات کیلئے اچھے امیدواروں کو ٹکٹس دینے کا فیصلہ کیا، اس کے علاوہ ملک بھر میں ایک ہی دن انتخابات کے حوالے سے مفاہمتی عمل کیلئے پارٹی کی 4 رکنی مذاکراتی کمیٹی بنانے پر بھی اتفاق ہوا، کمیٹی کے ممبران میں چودھری سرور، طارق بشیر چیمہ، چودھری سالک حسین اور چودھری شافع حسین شامل ہوں گے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ ملک کسی صورت بھی اداروں میں تقسیم در تقسیم کا متحمل نہیں ہو سکتا ہے، سیاسی اختلافات کو پس پشت ڈال کر ملک کے وسیع تر مفاد کیلئے تمام سیاسی قوتوں کو ایک ساتھ اکٹھے بیٹھنا چاہیے، ناممکنات میں سے ممکنات کے امکانات پیدا کرنا ہی سنجیدہ اور زیرک سیاسی قائدین کا خاصہ ہے۔
چودھری سرور نے اپنی گفتگو میں کہا کہ مسلم لیگ پورے ملک میں ایک ہی روز انتخابات چاہتی ہے، ایک روز انتخابات نہ ہونے کی صورت میں سیاسی بحران میں مزید اضافہ ہو گا، پنجاب میں الیکشن کے حوالے سے پارٹی ٹکٹس جلد الیکشن کمیشن میں جمع کروا دیں گے، پارٹی کو منظم کرنے کا سلسلہ جاری ہے، معروف سیاسی شخصیات پارٹی میں شامل ہو رہی ہیں۔