بلاول بھٹو کا دورہ بھارت عالمی ایجنڈے کا حصہ ہے: فواد چودھری


لاہور(قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کا بھارت کا دورہ کشمیریوں کی جدوجہد کی پیٹھ میں خنجر گھونپنے کے مترادف ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ کشمیر کے معاملے کو دفن کرکے بھارت سے تعلقات بنانا عالمی ایجنڈے کا حصہ ہے، عالمی ایجنڈے کے تحت اس حکومت کو پاکستان پر مسلط کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت سمیت دیگر ممالک سے تعلقات کے حامی ہیں لیکن کسی طور بھی ذیلی ملک نہیں بن سکتے، تعلقات برابری کی سطح اور بنیادی معاملات پر تصفیہ کیلئے ہونے چاہئیں، پاکستان اپنے قریبی دوست ممالک کیلئے اہمیت کھورہا ہے، یہ بات انتہائی تشویشناک ہے۔