پاکستان

گزشتہ سال ایشیا میں سب سے زیادہ فنڈنگ پاکستان کو فراہم کی گئی، ایشیائی ترقیاتی بینک


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) ایشیائی ترقیاتی بینک نے کہا ہے کہ گزشتہ سال ایشیائی ممالک میں سب سے زیادہ فنڈنگ پاکستان کو فراہم کی گئی ہے۔ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے جاری سالانہ رپورٹ کے مطابق2022 کے دوران سب سے زیادہ فنڈنگ پاکستان کے لیے کی گئی، ایشیائی ترقیاتی بینک نے ایشیا میں 31.8 ارب ڈالر کی پراجیکٹ فنانسنگ کی ،اے ڈی بی اور پارٹنرز نے پاکستان کو ساڑھے 5 ارب ڈالر کے منصوبے دیے جبکہ 2022میں پاکستان کو 2ارب 60کروڑ ڈالر کے رعایتی قرضے دیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان کی معیشت کو سب سے زیادہ نقصان سیلاب نے پہنچایا، سیلاب کی وجہ سے پاکستان میں فصلیں تباہ ہوئیں، طلب ورسد کا توازن خراب ہوا اور فصلیں تباہ ہونے کی وجہ سے مقامی طور پر مہنگائی بھی بڑھی ہے۔
اے ڈی بی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں سیلاب سے 1730 افراد ہلاک اور 3 کروڑ30 لاکھ متاثرہوئے جبکہ سیلاب نے پاکستان کی معیشت کو 30 ارب ڈالر کا نقصان پہنچایا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سیلاب سےمتاثرہ علاقوں کے لیے پاکستان کو 1.5 ارب ڈالر فراہم کیے گئے جبکہ عالمی برداری کی جانب سے سیلاب متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے 16 ارب ڈالر کے وعدے کیے گئے ہیں ۔

متعلقہ خبریں