شہروز سبزواری نے اغوا کار گینگ کے ساتھ خوفناک تجربے کا انکشاف کر دیا


کراچی(قدرت روزنامہ) پاکستان شوبز کے سینئر اداکار بہروز سبزواری کے بیٹے شہروز سبزواری نے اغوا کار گینگ کے ساتھ خوفناک تجربے کا انکشاف کر دیا۔عید الفطر کے موقع پر شہروز سبزواری اپنی اہلیہ اور والدین کے ہمراہ ایکسپریس انٹرٹینمنٹ پر نشر ہونے والے رابعہ انعم کے عید پروگرام میں شریک ہوئے۔
پروگرام کے دوران شہروز نے ماضی میں اپنے ساتھ پیش آنے والے ایک خوفناک واقعے کا انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں ایک مرتبہ اغوا کار گینگ نے یرغمال بنا لیا تھا۔شہروز سبزواری نے بتایا کہ وہ اپنی کزن مومل شیخ کی شادی کے دِنوں میں دیر رات تک کار ڈرائیو کر رہے تھے کہ انہیں اچانک اغوا کاروں نے روک لیا اور گاڑی میں گُھس کر انہیں یرغمال بنا لیا۔


شہروز کا کہنا تھا کہ اغوا کاروں نے ان سے موبائل اور نقدی چھین لی جبکہ ان کے پاس موجود 2 اے ٹی ایم کارڈز سے مختلف جگہوں پر لے جا کر پیسے نکلواتے رہے۔شہروز نے خدا کر شکر ادا کرتے ہوئے بتایا کہ ان اغوا کاروں نے اُنہیں پہنچانا نہیں کہ وہ ایک مشہور اداکار کے بیٹے ہیں ورنہ مزید نقصان بھی اُٹھانا پڑ سکتا تھا۔
شہروز سبزواری نے بتایا کہ وہ چند گھنٹوں کارروائی کرتے رہے اور انہیں لوٹ کر فرار ہوگئے تاہم اداکار نے خدا کا شکر ادا کیا کہ اُن کی جان بچ گئی۔یاد رہے کہ چند سال قبل علی ظفر اور ان کی اہلیہ کے ساتھ بھی اس قسم کا واقعہ پیش آیا تھا۔