نارووال سپورٹس کیس میں اہم پیش رفت۔۔ احسن اقبال کی مشکلات میں اضافہ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما احسن اقبال کے خلاف نارووال سپورٹس سٹی کمپلیکس ریفرنس میں شریک ملزم آصف شیخ قومی احتساب بیورہ (نیب ) کے وعدہ معاف گواہ بن گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق نارووال سپورٹس سٹی ریفرنس میں شریک ملزم آصف شیخ نے وعدہ معاف گواہ بننے کی درخواست دی تھی جو نیب چیئرمین جسٹس(ر ) جاوید اقبال کی جانب سے منظور کر لی گئی ہے۔

آصف شیخ کو ریفرنس میں سیکشن 36کے تحت وعدہ معاف گواہ بنا یاگیا ہے اور اس ضمن میں نیب نے احتساب عدالت اسلام آباد کو بھی تحریری طور پر آگا ہ کردیا ہے۔ یاد رہے کہ ریفرنس میں شریک ملزم آصف شیخ وزارت پلاننگ میں تعینات رہے ہیں۔