آئندہ ہفتے بارشوں کا طاقتور اور طویل سسٹم ملک پر اثر انداز ہونے کا امکان


لاہور(قدرت روزنامہ) موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن نے بتایا ہے کہ آئندہ ہفتے 27 یا 28 اپریل کو بارشوں کا طاقتور اور طویل سسٹم ملک پر اثر انداز ہو سکتا ہے جو 6 یا 7 مئی تک ملک پر اثر انداز رہے گا . انہوں نے بتایا ہے کہ آئندہ کچھ دن ملک کے بیشتر مقامات پر مطلع صاف، موسم خشک اور گرم رہے گا جبکہ پنجاب اور سندھ کے میدانی علاقے گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے .


موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق شہرِ قائد کراچی میں درجہ حرارت 40 سے 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے، ساحلی علاقوں میں مقامی سطح پر بادل بن سکتے ہیں . انہوں نے بتایا ہے کہ ایران کے قریب بحیرہ عرب میں سرکولیشن بھی بنی ہوئی ہے . موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن کا کہنا ہے کہ سندھ کے بیشتر مقامات گرم اور خشک موسم کی لپیٹ میں ہیں .
موسمیاتی تجزیہ کار کا بتانا ہے کہ سندھ، بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں اس سسٹم کے زیرِ اثر اچھی بارش کا امکان ہے جبکہ سندھ کے 80 سے 90 فیصد علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے . موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق سندھ میں کہیں تیز کہیں موسلادھار بارش، کہیں ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے، تھنڈر سٹورم بننے پر آندھی اور بجلی گرنے کا بھی خدشہ رہے گا .
شہرِ قائد کراچی سے متعلق موسمیاتی تجزیہ کار کا کہنا ہے کہ کراچی میں 28 اپریل کی رات سے اس سسٹم کے اثر انداز ہونے کا امکان ہے، مئی کے پہلے ہفتے میں اس سسٹم کی شدت زیادہ رہ سکتی ہے اور کراچی میں کہیں ہلکی کہیں تیز اور چند مقامات پر موسلا دھار بارش ہو سکتی ہے .
جواد میمن کے مطابق خیبر پختونخوا کے 90 فیصد علاقوں میں اس سسٹم کے زیرِ اثر بارش کا امکان ہے، صوبے کے مختلف مقامات پر آندھی، ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے، پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے . موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق پنجاب کے 90 فیصد علاقوں میں کہیں تیز کہیں موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے، پنجاب کے شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے، اسی طرح بلوچستان کے 80 سے 90 فیصد علاقوں میں بارش، پہاڑی علاقوں میں فلیش فلڈنگ کاخطرہ ہے .

. .

متعلقہ خبریں