بجلی 1 روپے 17 پیسے فی یونٹ مہنگی ہونے کا امکان


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) صارفین کے لیے 1 روپے 17 پیسے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں اضافے کا امکان ہے۔سی پی پی اےنے مارچ کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے تحت اضافہ مانگ لیا۔ درخواست پر نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) 3 مئی کو سماعت کرے گی۔
درخواست میں بتایا گیا ہے کہ مارچ میں پانی سے 22.90 فیصد، کوئلے سے 15.26 فیصد، فرنس آئل سے 0.46 فیصد، مقامی گیس سے 12.66 فیصد، درآمدی ایل این جی سے 20.42 فیصد، جوہری ایندھن سے 22.90 فیصد بجلی پیدا ہوئی۔مارچ میں بجلی کی پیداواری لاگت 9 روپے 88 پیسے فی یونٹ رہی جب کہ ریفرنس قیمت 8 روپے 71 پیسے فی یونٹ مقرر تھی۔
واضح رہے کہ کے الیکٹرک مارچ کی فیول ایڈجسٹمنٹ کے تحت پہلے ہی درخواست دائر کرچکی ہے ، جس کے مطابق کے الیکٹرک نے مارچ کی ایڈجسٹمنٹ کے لیے 4روپے 49پیسے فی یونٹ اضافہ طلب کیا ہے۔ کے الیکٹرک کی درخواست کی سماعت بھی نیپرا میں 3مئی کو ہو گی۔