پی ایس ایل میں انجری کا شکار ہوا تو کسی نے فون کرکے خیریت تک نہیں پوچھی! رومان رئیس


کراچی (قدرت روزنامہ)قومی کرکٹ ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر رومان رئیس کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے تیسرے ایڈیشن میں انجری کا شکار ہوا تو کسی کرکٹر نے فون کرکے خیریت تک معلوم نہیں کی۔معروف یوٹیوبر نادر علی کو دیئے گئے انٹرویو میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے پیسر رومان رئیس نے بتایا کہ انجری کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو درخواست کی کہ مجھے انگلینڈ بھیجیں تاکہ اپنا چیک اَپ کرواسکوں تو کوئی مثبت جواب نہیں جب جواب آیا تو سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ پلئیر نہیں رہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ گھنٹنے کی تکلیف کی وجہ سے ایک وقت لگا کہ اب کرکٹ میں واپسی مشکل ہے لیکن ری ہیب جاری رکھا، رومان رئیس نے کہا کہ میری انجری کے دوران تقریباً 32 لاکھ روپے سے زائد کا خرچہ آیا جس کا آدھا اسلام آباد یونائیٹڈ کی فرنچائز نے اٹھایا۔
فاسٹ بولر نے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے تیسرے ایڈیشن میں انجری کا شکار ہوا تو کسی کرکٹر نے فون کرکے خیریت تک معلوم نہیں کی، البتہ دوسری ٹیم سے شین واٹسن میری طبعیت پوچھنے آگئے۔