فن و ثقافت شوبز

بالی ووڈ اداکارہ منشیات اسمگلنگ کرتے ہوئے شارجہ میں گرفتار


شارجہ(قدرت روزنامہ) بالی ووڈ اداکارہ کریسن پریرا کو منشیات سمگلنگ کرنے کے الزام میں شارجہ میں گرفتار کر لیا گیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سڑک 2 اور باٹلا ہاؤس جیسی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی اداکارہ کریسن پریراکو شارجہ ائیرپورٹ سے اس وقت گرفتار کیا گیا جبکہ ان کے پاس ایک ٹرافی میں سے مبینہ طور پر منشیات پکڑی گئی۔
یو اے ای پولیس نے اداکارہ کو منشیات سمگلنگ کے الزام میں گرفتار کرکے شارجہ جیل منتقل کردیا۔کریسن پریراکی گرفتاری کے بعد یو اے ای حکام نے بھارتی سفارتخانے کو اطلاع دی جس نے اداکارہ کے اہل خانہ کو گرفتاری کے حوالے سے آگاہ کیا۔اہل خانہ کے مطابق کریسن پریرا بالکل بے قصور ہے اور اسے سازش کے ذریعے پھنسایا گیا ہے۔
تاہم گزشتہ روز منشیات سمگلنگ کیس میں پیشرفت ہوئی، ممبئی کرائم برانچ کو شبہ ہے کہ اداکارہ کو مبینہ طور پر کتے پر لڑائی کا بدلہ لینے کے لیے پھنسایا گیا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نےمنشیات سمگلنگ کیس میں دو افراد انتھونی پال (جو کہ ایک بیکری کا مالک ہے) اور بینک میں اسسٹنٹ جنرل منیجر راجیش بوبھٹے کو گرفتار کیا ہے۔
ممبئی کرائم برانچ کے سینیئر انسپکٹرکا کہنا ہے کہ انتھونی نے کریسن پریرا کے لیے شارجہ کا ٹکٹ بک کروایا اور اس نے اداکارہ کو واپسی کا جعلی ٹکٹ بھی دیا۔کرائم برانچ کی ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزم انتھونی کی بہن کا اداکارہ کی ماں سے کتے کو لے کر جھگڑا ہوا تھا، یہ دونوں ایک ہی عمارت میں رہتے ہیں۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق انتھونی نے مبینہ طور پر راجیش نامی شخص کے ذریعے اداکارہ سے رابطہ کیا جس نے ایک ٹیلنٹ کنسلٹنٹ کا روپ دھار کر کریسن پریراکو شارجہ میں ایک ویب سیریز کے لیے آڈیشن کے بارے میں بتایا۔
بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے آڈیشن کے لیے شارجہ جاتے وقت اداکارہ سے ایک ٹرافی لے جانے کو بھی کہا جس میں اس نے مبینہ طور پر منشیات چھپا رکھی تھی تاہم جیسے ہی کریسن پریرا شارجہ ائیرپورٹ پر لینڈ کیں تو دوران تلاشی ان کے پاس موجود ٹرافی سے مبینہ طور پر منشیات برآمد ہوئی اور پھر انہیں گرفتار کر لیا گیا۔

متعلقہ خبریں