بگ باس کے دوران باڈی شیمنگ کا سامنا کرنا پڑا: شہناز گل کا انکشاف
ممبئی(قدرت روزنامہ) بھارتی رئیلٹی شو بگ باس 13 سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ اور گلوکارہ شہناز گل نے انکشاف کیا ہے کہ شو کے دوران انہیں باڈی شیمنگ کا سامنا کرنا پڑا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمان خان کی فلم ’کسی کا بھائی کسی کی جان‘ سے بالی ووڈ میں قدم رکھنے والی شہناز گل نے حالیہ انٹریو میں بتایا ہے کہ کس نے انہیں مجبور کیا کہ وہ شلوار قمیض والی دیسی شہناز گل سے مغربی لباس والی بولڈ شہناز گل کا روپ اختیار کریں۔
’کالا شاہ کالا‘ اور ’ہونسلا رکھ‘ جیسی پنجابی فلموں سے شہرت حاصل کرنے والی شہناز گل نے اپنے حالیہ انٹرویو میں میزبان کے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ ’بگ باس 13 میں انہیں ان کے موٹاپے کی وجہ سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا‘۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ بگ باس میں انہیں شلوار قمیض میں دیکھ کر سب کو لگتا تھا کہ وہ مغربی لباس زیب تن نہیں کرسکتیں۔
شہناز گل کا کہنا ہے کہ انہوں نے لوگوں کی تنقید کو سنجیدگی سے لیا اور اپنا وزن کم کیا اور اپنے سٹائل پر کام کیا۔یاد رہے کہ آنجہانی اداکار سدھارتھ شکلا بگ باس 13 کے فاتح تھے جبکہ ماڈل عاصم ریاض فرسٹ رنر اور شہناز سیکنڈ رنر اپ کے طور پر تیسرے نمبر پر آئی تھیں۔