پاکستان میں الیکشن ایک ہی روز کروانے کیلئے متفقہ فیصلہ ہونا چاہیے : چودھری سرور


لاہور (قدرت روزنامہ) پاکستان مسلم لیگ ق کے چیف آرگنائزر چودھری سرور کاکہنا ہے کہ پاکستان میں الیکشن ایک ہی روز کروانے کیلئے متفقہ فیصلہ ہونا چاہیے۔پاکستان مسلم لیگ ق کے چیف آرگنائزر چودھری سرور نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی نے لوگوں کی کمر توڑ دی ہے، سیاست کو دشمنی اور نفرت میں بدل دیا گیا ہے، ہماری پارٹی میں ڈکٹیٹر شپ نہیں ہوگی، میں سمجھتا ہوں کہ پارٹیوں میں جمہوریت لانا ہوگی ۔
انہوں نے کہا کہ ہم سیاسی پارٹیوں کو جوڑنے پر یقین رکھتے ہیں، عمران خان کی باتیں میری سمجھ میں نہیں آئیں، عمران خان کہتے ہیں میں نے ایکسٹینشن دے کر غلطی کی، پاکستان کی اکثریت نے عمران خان کے اسمبلیاں توڑنے کے اقدام کو مسترد کیا۔چودھری سرور نے کہا کہ پی ڈی ایم والے کہتے ہیں عمران خان نے معیشت کو تباہ کیا، میں نے کہا تھا کہ آئی ایم ایف معاہدہ ملک کے لیے خطرناک ہوگا، سیاسی بے یقینی کی صورتحال سے معیشت کو نقصان ہوتا ہے، ملک کو اس نہج پر پہنچانے میں ہم سب نے اپنا حصہ ڈالا ہے، وقت آگیا ہے ہم تاریخ سے سبق حاصل کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کی کسی جمہوریت میں نہیں ہوتا کہ 12کروڑ کے عوام والے صوبے کو یہ نہ پتہ ہو کہ اس کا وزیراعلیٰ کون ہے ؟ تحریک انصاف کے بارے صرف ایک بات کہوں گا، جو پارٹی اپنے ورکرز،کارکنوں کو انصاف نہیں دے سکتی وہ ملک میں کیسے انصاف لا سکتی ہے؟ سیاستدان سیاسی فیصلے عدالتوں سے نہ کروائیں۔
چودھری سرور نے کہا کہ میں پہلے کہتا تھا کہ تحریک انصاف کی جانب سےٹکٹوں کی تقسیم اتنی بری ہوگی کہ آدھی سیٹیں یہ ویسے ہی ہار جائیں گے ، میں نے ساڑھے تین سال بھی دیکھے، پی ڈی ایم کی طرف سے وہی بے ڈھنگی چال ہے جو پہلے تھی، سراج الحق نے ایک اچھا اقدام اٹھایا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لیے سب مل کر کچھ کریں، گالی گلوچ کی سیاست چھوڑ دیں، ہم نے فیصلہ کیا ہے ہم نے پتھر کا جواب پھول سے دینا ہے، پاکستان کے او ر عوام کے مفادات کو ترجیح دیں گے۔
چودھری سرور نے کہا کہ الیکشن صوبوں اور مرکز میں ایک دن ہونے چاہئیں، سمجھتا ہوں مذاکرات ہونے چاہئیں ، سیاستدانوں کو خود آپس میں بیٹھنا چاہیے، ایک طرف ہم چاہتے ہیں اسٹیبلشمنٹ سیاست سے دور ہوجائے، دوسری طرف ہم چاہتے ہیں اسٹیبلشمنٹ ہمیں ایک ساتھ بٹھائے۔اس موقع پر چودھری شافع حسین نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ کو ری آرگنائز کررہے ہیں، ملک بھر میں انتخابات ایک ساتھ ہونے چاہئیں۔