کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان کے شمال مشرقی اور ساحلی علاقوں میں گرد آلود طوفانی ہواؤں سے موسم اچانک تبدیل ہوگیا . پی ڈی ایم اے نے بلوچستان میں طاقتور مغربی سسٹم سے متعلق الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک اور طاقتور مغربی سسٹم بلوچستان کی جانب بڑھ رہا ہے .
پی ڈی ایم اے کے مطابق کل سے بلوچستان میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے . چمن، پشین، کوہلو، ڈیرہ بگٹی، بارکھان، سبی، قلات، ژوب، خضدار، مکران، پنجگور، تربت، گوادر، لسبیلہ اور ہرنائی میں بارش ہوسکتی ہے .
پی ڈی ایم اے کے مطابق قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، دکی اور لورالائی میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے جس سے نشیبی علاقے زیرِ آب آسکتے ہیں . پی ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت بھی کردی ہے .