پوجا ہیگڑے اب کس اداکار کیساتھ پوری فلم کرنا چاہتی ہیں؟


ممبئی(قدرت روزنامہ)بالی ووڈ کی اُبھرتی ہوئی اداکارہ پوجا ہیگڑے آج کل سلمان خان کی فلم’کسی کا بھائی کسی کی جان‘ میں جلوہ گر ہونے کے بعد سے میڈیا کی خصوصی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔پوجا ہیگڑے نے حال ہی میں اپنے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ وہ ساؤتھ انڈین فلموں کے اسٹار رام چرن کے ساتھ ایک پوری فلم کرنا چاہتی ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ مجھے اور رام چرن کو ساتھ میں ایک پوری فلم کرنی چاہیئے، ہم نے اب تک صرف کچھ فلموں میں ایک ساتھ خصوصی انٹریز دی ہیں اور اب میں امید کرتی ہوں کہ میری رام چرن کے ساتھ ایک پوری فلم جلد بنے گی۔اُنہوں نے مزید کہا کہ مجھے اس وقت بہت مزہ آیا جب سلمان سر اور میں حیدرآباد میں فلم کے گانے ’ینتما‘ کی شوٹنگ کر رہے تھے اور رام چرن سیٹ پر پہنچ گئے اور کہا کہ وہ اس گانے کا حصّہ بننا چاہتے ہیں۔
پوجا ہیگڑے نے بتایا کہ میں وہاں سے چلی گئی تھی اس لیے مجھے نہیں معلوم کہ رام چرن کی اس خواہش کے اظہار کے بعد کیا ہوا لیکن جب میں اگلے دن فلم کے سیٹ پر پہنچی تو وہ بھی گانے کا حصّہ تھے!
اُنہوں نے کہا کہ مجھے اس انڈسٹری میں بہت پیار دیا گیا ہے، فلموں میں میرا سفر تمل انڈسٹری کی وجہ سے ہی شروع ہوا اور میں آگے بہت کچھ کرنا چاہتی ہوں لیکن پریشان نہ ہوں، میں اس پر کام کر رہی ہوں اور اس حوالے سے رواں سال کچھ اچھی خبریں بھی ملیں گی۔واضح رہے کہ اداکارہ پوجا ہیگڑے نے آہستہ آہستہ بالی ووڈ انڈسٹری کی طرف قدم بڑھایا اور اب وہ فلم’کسی کا بھائی کسی کی جان‘، ’سرکس‘، ’موئن جو دڑو‘ اور ’ہاؤس فل 4‘ جیسی بڑی فلموں کا حصّہ بن گئی ہیں۔