کورنگی میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے نوجوان زندگی کی بازی ہار گیا


کراچی (قدرت روزنامہ)شہر قائد کے علاقے کورنگی میں موٹر سائیکل چھینےکی واردات کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا نوجوان دوران علاج دم توڑ گیا۔منگل کی شب کورنگی تھانے کے علاقے کورنگی نمبرڈھائی میں موٹر سائیکل چھینے کی واردات کے دوران مزاحمت پر نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں سر پر گولی لگنے سے نوجوان حذیفہ شدید زخمی ہوگیا تھا جسے فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا گیا، زخمی نوجوان چند گھنٹے موت اور زندگی کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد بدھ کی علی الصبح دوران علاج دم توڑ گیا۔
مقتول حذیفہ نوجوان 4 بھائیوں اور 2 بہنوں میں سب سے چھوٹا تھا مقتول نوجوان کی نماز جنازہ کورنگی نمبر دو پر واقع قادری مسجد کے قریب مرکزی سڑک پر ادا کی گئی، نمازجنازہ میں مقتول نوجوان کے اہلخانہ عزیز اقارب، علاقہ مکینوں اور کاروباری افراد کی بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔
مقتول نوجوان کے والد اور چچا نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ساتھ انصاف کیا جائے، آئی جی سندھ اور گورنر سندھ سے التجا ہے کہ ڈکیتوں کو ہمارے حوالے کردیا جائے ہمارے دلوں کو سکون مل جائے گا۔مقتول نوجوان کے چچا کا کہنا تھا کہ روز وارداتین ہو رہی ہیں لیکن ڈاکوؤں کو کوئی پکڑنے والا نہیں، پولیس صرف گٹکا فروخت کرنے والے اور کھانے والے کو پکڑ سکتی ہے، پولیس جتنی محنت گٹکا فروخت کرنے کو پکڑنے میں کرتی ہیں اتنی محنت ڈاکوؤں کو پکڑنے میں لگائے تو شہر سے ڈاکوؤں کا خاتمہ مشکل نہیں۔