انتخابات کیلیے فنڈز کی فراہمی؛ وزارت خزانہ کی سمری پارلیمنٹ کو ریفر کرنے کی منظوری


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وفاقی کابینہ نے پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے عام انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو 21 ارب روپے کی فراہمی کے حوالے سے وزارت خزانہ کی سمری پارلیمنٹ کو ریفر کرنے کی منظوری دے دی۔وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا اور شرکا کا سوات کے علاقے کبل میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پولیس اسٹیشن میں ہوئے واقعہ کے نتیجے میں قیمتی جانی نقصان پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار اور شہدا کے لیے فاتحہ خوانی کی۔
کبل سوات واقعہ؛ تحقیقات میں وفاقی حکومت کا نمائندہ شامل کرنے کی ہدایت
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی کبل سوات کے سی ٹی ڈی اسٹیشن میں ہونے واقعہ کی تحقیقات میں وفاقی حکومت کا نمائندہ شامل کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ پشاور پولیس لائن دھماکے میں شہید ہونے والوں کو جو پیکج دیا گیا اسی طرز پر شہدا پیکج کبل واقعہ میں شہید ہونے والوں کو بھی دیا جائے گا۔
انویسٹ پاکستان کیلیے قانون سازی کرنے کی منظوری
وفاقی کابینہ نے سرمایہ کاری بورڈ کی سفارش پر انویسٹ پاکستان کے لیے قانون سازی کرنے کی منظوری دے دی۔ اس قانون سازی کے ذریعے سرمایہ کاری بورڈ کے تحت ”انویسٹ پاکستان“ کا دفتر قائم کیا جائے گا جو کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ میں کام کرے گا۔ مذکورہ قانون سازی سرمایہ کار دوست سروسز کی فراہمی کو یقینی بنانے میں مدد دے گی۔
وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 13 اپریل 2023 کو منعقد ہونے والے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔ ان فیصلوں میں جنوبی وزیرستان کے انگور اڈا کسٹم اسٹیشن کو افغانستان اور وسطی ایشیائی ریاستوں کے لیے ایکسپورٹ لینڈ روٹ (Export Land Route) ڈیکلئیر کرنے کی منظوری شامل ہے۔
الیکٹرک بائیکس کی فنانسنگ فسیلیٹی کی منظوری
مزید برآں انہی فیصلوں میں ماحول دوست الیکٹرک بائیکس اور الیکٹرک رکشا کا استعمال عام کرنے کے لئے فنانسنگ فسیلیٹی کی منظوری بھی شامل ہے جس کے تحت 5 لاکھ روپے کا قرضہ پرائم منسٹر یوتھ بزنس اینڈ ایگرکلچر لون اسکیم کے ذریعے صفر فیصد مارک اَپ پر دستیاب ہوگا۔ اس اقدام سے ملک کو مہنگے ایندھن کے درآمد کی مد میں خاطر خواہ بچت ہو گی۔