مسلم لیگ ن نے پی ٹی آئی سے مذاکرات کا معاملہ جے یو آئی کے پلڑے میں ڈال دیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) مسلم لیگ ن نے پی ٹی آئی سے مذاکرات کا معاملہ جے یو آئی کے پلڑے میں ڈال دیا۔ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر اعظم کی زیر صدارت مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، جس میں شہباز شریف نے موجودہ سیاسی صورت حال کے حوالے سے پارٹی اراکین کو اعتماد میں لیا۔
اجلاس میں ملک کی موجودہ صورت حال اور سپریم کورٹ کی جانب سے بات چیت کے معاملے پر کھل کر گفتگو کی گئی۔ اہم بیٹھک میں موجود کچھ اراکین نے مذاکرات کی حمایت کی جبکہ دیگر اس کے مخالف بھی نظر آئے۔بعد ازاں مسلم لیگ ن کی پارلیمانی کمٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مذاکرات پارلیمنٹ کی سطح پر ہوں گے اور اس کا آغاز جمیعت علما اسلام کے فیصلے کے بعد ہی کیا جائے گا۔
دوسری جانب ‎مولانا فضل الرحمان کی زیرصدارت جے یو آئی کی مرکزی مجلس عاملہ کا ہنگامی اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزیر مولانا اسعد محمود ، ،اکرم خان درانی ،مولانا امجد خان ،اسلم غوری ،مولانا صلاح الدین ایم این اے ،سنیٹر مولانا عطاء الرحمان، مولانا عبدالرشید ،سنیٹر کامران مرتضی، مولانا عطاء الحق درویش ،مولانا صفی اللہ ،مفتی اعجاز شنواری نے شرکت کی۔
جے یو آئی کے ترجمان اسلم غوری نے بتایا کہ ‎اجلاس تین سے چار دن جاری رہے گا، موجودہ ملکی سیاسی صورتحال کے حوالے سے اہم فیصلے کئے جائیں گے ۔ اجلاس میں سابق وفاقی وزیر مفتی عبدالشکور کے لیے دعائے مغفرت کی گئی۔