سلطان راہی نے فیصل قریشی کو کیا نصیحت کی تھی؟

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)معروف پاکستانی اداکار و میزبان فیصل قریشی نے انکشاف کیا ہے کہ لیجنڈری اداکار سلطان راہی نے انہیں زندگی میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے ہمیشہ عاجزی و انکساری کا دامن تھامے رکھنے کی نصیحت کی تھی۔

فیصل قریشی کاشمار پاکستان کے ان اداکاروں میں ہوتا ہے جنہیں اپنے کیرئیر کے دوران کئی لیجنڈری اداکاروں کے ساتھ کام کرنے کے مواقع حاصل ہوئے اور وہ اپنے غیر معمولی کام سے مداحوں کو خوش کرنے میں کبھی ناکام نہیں ہوئے۔

انہوں نے اپنے حالیہ انٹرویو میں جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے اپنی کامیابی کا راز بتایا ہے کہ ’جب انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تو انہیں شوبز کے کئی معزز اداکاروں کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا، جن میں لیجنڈری اداکار سلطان راہی بھی شامل ہیں۔‘

انہوں نے سلطان راہی کے ساتھ کام کرنے کے تجربے کے بارے میں بتایا کہ ’آپ اپنے سینئرز سے بہت کچھ سیکھتے ہیں اور سلطان راہی نے انہیں ایک نصیحت کی تھی جسے وہ کبھی نہیں بھولیں گےـ‘انہوں نے بتایا کہ ’سلطان راہی نے انہیں ایک اچھا اداکار بننے کے لیے مختلف کرداروں کا انتخاب کرنے کے علاوہ زندگی میں ایک کامیاب انسان بننے کے لیے ہمیشہ عاجزی و انکساری کا دامن تھامے رکھنے کی نصیحت کی تھی۔‘
فیصل قریشی نے سلطان راہی کےالفاظ دہراتے ہوئے کہا ’درخت جتنا زیادہ جکھا ہوا ہوتا ہے سب سے زیادہ پھل بھی اُسی پر اُگتے ہیں۔‘انہوں مزید کہا کہ ’یہ ایسےالفاظ تھے جوکہ آج تک انہیں یاد ہیں اور یہی ان کی کامیابی کا فارمولا ہیں۔‘

خیال رہے کہ اداکار فیصل قریشی نے شوبز انڈسٹری میں اپنے کیریئر کا آغاز 1992 میں فلم ’سزا‘ سے کیا تھا اور اب انہیں انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کا حصہ بنے 20 سال سے زائد کا عرصہ ہوگیا ہے۔